بھارت کو ہزیمت کا سامنا، ششی تھرور کا کولمبیا میں حمایت نہ ملنے کا اعتراف

کولمبیا نے پہلگام حملے کے متاثرین سے ہمدردی کی بجائے آپریشن سندور کے دوران پاکستان میں ہونیوالے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا،بھارتی رکن پارلیمنٹ

جمعہ 30 مئی 2025 19:50

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2025ء)پہلگام واقعے کے بعد بھارتی جارحیت پر پاکستان کی بہترین سفارت کاری کی بدولت بھارت کو عالمی سفارتی محاذ پر ہزیمت کا سامنا ہے ،عالمی برادری پاک بھارت جنگ پر بھارتی موقف قبول کرنے کو تیار نہیں۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق حال ہی میں بھارتی وفد کو کولمبیا میں بھی شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا جب کولمبیا کی حکومت نے بھارتی جارحیت کے نتیجے میں پاکستانی شہریوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے کہا ہے کہ بھارت کولمبیا کی حکومت سے اس بات پر مایوس ہے کہ اس نے پہلگام حملے کے متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کرنے کی بجائے آپریشن سندور کے دوران پاکستان میں ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔ششی تھرور نے کہا کہ ہم کولمبیا میں اپنے دوستوں سے کہیں گے کہ دہشت گردوں کو بھیجنے والوں اور ان کا مقابلہ کرنے والوں کے درمیان کوئی برابری نہیں ہو سکتی، حملہ کرنیوالوں اور دفاع کرنے والوں کے درمیان کوئی برابری نہیں ہو سکتی، ہم صرف اپنے دفاع کے حق کا استعمال کر رہے ہیں، اور اگر اس بنیادی نکتے پر کوئی غلط فہمی ہے، تو ہم یہاں ایسی کسی بھی غلط فہمی کو دور کرنے کیلئے موجود ہیں۔