فیڈرل بورڈ انتخابات ، پروفیسر مہر خان مغل بھاری اکثریت سے فیڈرل بورڈ کے ممبر بورڈ آف گورنرز منتخب

جمعہ 30 مئی 2025 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2025ء) فیڈرل بورڈ انتخابات میں آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے حمایت یافتہ امیدوار پروفیسر مہر خان مغل بھاری اکثریت سے فیڈرل بورڈ کے ممبر بورڈ آف گورنرز منتخب ہو گئے۔ ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر ملک ابرار حسین نے کامیابی کو تعلیمی حلقوں کی فتح قرار دیتے ہوئے فیڈرل بورڈ سے ملحقہ ملک بھر اور بیرون ملک تعلیمی اداروں کی بہتری، فلاح و بہبود اور تعلیمی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرنے کا عزم دہرایا ہے۔

تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن اسلام آباد کے بورڈ آف گورنرز کے ممبر کے لئے انتخابات کا انعقاد جمعہ کو ہوا جس میں اندرون وبیرون ملک سے فیڈرل بورڈ سے ملحقہ بورڈ لیول کے تعلیمی اداروں کے سربراہان و پرنسپل صاحبان کی جانب سے ووٹ کا حق استعمال کیا گیا۔

(جاری ہے)

انتخابات میں آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے حمایت یافتہ امیدوار پروفیسر مہرخان مغل بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گئے ۔

اس حوالے سے بات کرتے ہوئے آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ڈاکٹر ملک ابرار حسین کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی دراصل پوری ایسوسی ایشن کی محنت، لگن اور تعلیم دوستی کی علامت ہے، یہ پوری نجی شعبہ تعلیم کی کامیابی ہے جبکہ سوشل میڈیا تک محدود رہنے والے نجی شعبہ تعلیم کی جڑیں کاٹنے والے عناصر کی ناکامی ہے۔ انہوں شفاف الیکشن کے کامیاب انعقاد پر چیئرمین فیڈرل بورڈ، سیکرٹری فیڈرل بورڈ سمیت ایسوسی ایشن کے تمام عہدیداروں،نافع ایسوسی ایشن، تمام ووٹرز اور سپورٹرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی دراصل پورے ملک اور پورے نجی شعبہ تعلیم کی کامیابی ہے۔