پنجاب میں ہاؤسنگ سوسائٹی کی رجسٹریشن کیلئے غیر ضروری این او سی ختم کرنے کا فیصلہ

ہاؤسنگ سیکٹر کو ڈیجیٹلائز کیا جائے گا، غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں کی ریگولرائزیشن کیلئے اعلیٰ سطح کی کمیٹی بنانے پر اتفاق

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 31 مئی 2025 13:29

پنجاب میں ہاؤسنگ سوسائٹی کی رجسٹریشن کیلئے غیر ضروری این او سی ختم ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 31 مئی 2025ء ) صوبہ پنجاب میں ہاؤسنگ سوسائٹی کی رجسٹریشن کیلئے غیر ضروری این او سی ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں ہاؤسنگ سوسائٹی کی رجسٹریشن کیلئے غیر ضروری این او سی ختم کرنے کی ہدایت کی گئی، اس موقع پر غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیموں کی ریگولرائزیشن کیلئے اعلیٰ سطح کمیٹی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ پنجاب میں ہاؤسنگ سوسائٹیز کی مجموعی تعداد 7 ہزار 905 اور ان کا رقبہ تقریباً 20 لاکھ کنال ہے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہاؤسنگ سیکٹر کو ڈیجیٹلائز کیا جائے گا، اس حوالے سے بریفنگ دی گئی کہ اس مقصد کے لیے ہاؤسنگ سوسائٹی مینجمنٹ سسٹم متعارف کرایا جائے گا جس کے نتیجے میں نئی سکیموں کی منظوری، مینجمنٹ اور ٹرانسفر آن لائن ہوسکے گی، ڈاکیومینٹس اپ لوڈ کرنے کے بعد این او سی فیس بھی آن لائن ادا کی جا سکے گی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ غریب لوگوں سے پیسے لے لیے جاتے ہیں اورپلاٹ نہیں ملتے، غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی کے قیام میں سرکاری محکمے بھی برابر کے ذمہ دار ہیں، غیرقانونی ہاؤسنگ سوسائٹی بن رہی تھیں توکیا متعلقہ اداروں کی آنکھیں بند تھیں؟ ملی بھگت سے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیمیں قائم ہوئی ہیں، غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کی سزا خریدنے والے عام آدمی کو ملتی ہے، اس لیے جو ہاؤسنگ سکیمیں بن چکی ہیں قانون کے مطابق مسئلہ حل ہونا چائیئے، قواعد و ضوابط کے مطابق ہاؤسنگ سکیموں کوایک مرتبہ ایمینسٹی پر غور کرنا ہوگا۔