ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی شہادت ایک قومی سانحہ ہے، جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے،رکن اسمبلی فرح عظیم شاہ

ہفتہ 31 مئی 2025 13:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2025ء) ایمان پاکستان تحریک کی چیئرپرسن اور رکن صوبائی اسمبلی فرح عظیم شاہ نے سوراب میں مسلح افراد کے حملے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)ہدایت اللہ بلیدی کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے جاری کردہ تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی شہادت ایک قومی سانحہ ہے، جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

(جاری ہے)

فرح عظیم شاہ نے کہا کہ ملک دشمن عناصر اس قسم کی بزدلانہ کارروائیوں کے ذریعے صوبے کے امن و امان کو خراب کرنے کی مذموم کوشش کر رہے ہیں، مگر ایسی سازشیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔ ہم شہید کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور ان کے ساتھ مکمل ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو فوری طور پر گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے اور امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے مثر اقدامات کیے جائیں۔

فرح عظیم شاہ نے کہا کہ ایمان پاکستان تحریک ہر سطح پر دہشت گردی کے خلاف اپنی آواز بلند کرتی رہے گی اور شہدا کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دے گی۔"اللہ تعالی شہید کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے"۔