Live Updates

جاوید اختر نے بھارت میں کرائے پر گھر نہ ملنے پر پاکستان کو موردِ الزام ٹھہرادیا، انوکھی منطق پیش کردی

دراصل ممبئی میں ہندوؤں کی جانب سے مسلمانوں کو گھر نہ دینے میں بھی پاکستانی مسلمانوں کا قصور ہے کیوں کہ وہاں مسلمانوں نے ہندوؤں کے ساتھ غلط سلوک کیا؛ بھارتی نغمہ نگار کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 31 مئی 2025 15:15

جاوید اختر نے بھارت میں کرائے پر گھر نہ ملنے پر پاکستان کو موردِ الزام ..
نئی دہلی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 31 مئی 2025ء ) بھارت سے تعلق رکھنے والے لکھاری و نغمہ نگار جاوید اختر نے انڈیا میں ہندوؤں کی جانب سے گھر نہ دیئے جانے کا الزام بھی پاکستان پر لگا دیا۔ بھارتی نشریاتی ادارے کو دیئے جانے والے انٹرویو میں میزبان نے ان سے سوال کیا کہ ’پاکستانی اداکارہ بشریٰ انصاری کہتی ہیں جاوید اختر کو تو بھارت میں مسلمان ہونے کے ناطے کرائے پر گھر نہیں دیا جاتا اور اب وہ پاکستان کے خلاف بات کر رہے ہیں‘، اس کے جواب میں جاوید اختر نے پہلے طنزاً کہا کہ ’جی وہ بالکل درست کہ رہی ہیں میں اور میری اہلیہ شبانہ اعظمی سڑک پر سوتے ہیں‘۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’ماضی میں ہمیں ممبئی میں مسلمان ہونے کے ناطے گھر دینے سے انکار کردیا گیا تھا، 25 سال قبل میری اہلیہ شبانہ اعظمی نے ممبئی میں گھر لینا چاہا تھا لیکن انہیں بتایا گیا کہ گھر کے مالکان ہندو مسلمانوں کو گھر نہیں دیتے، جن ہندوؤں نے میری بیوی کو مسلمان ہونے کے ناطے گھر نہیں دیا وہ تقسیم ہند کے وقت پاکستان کے صوبہ سندھ سے ہجرت کرکے بھارت آئے تھے اور انہوں نے اپنا بدلہ لیا‘۔

(جاری ہے)

جاوید اختر نے کہا کہ ’جن ہندووں نے ہمیں گھر دینے سے انکار کیا انہیں پاکستان کے مسلمانوں نے سندھ سے نکل جانے پر مجبور کیا، ان کے گھروں پر قبضہ کیا اور پھر ہندو وہاں پر اپنا سب کچھ چھوڑ کر ممبئی آگئے، ممبئی آنے کے بعد ہندوؤں نے محنت کی، چھولے بیچے، ننگے پاؤں کام کرکے اپنی جائیدادیں بنائیں پھر جب ان سے گھر لینے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے مسلمانوں کو گھر نہیں دیا‘۔

بھارتی نغمہ نگار نے منطق پیش کی کہ ’دراصل ممبئی میں ہندوؤں کی جانب سے مسلمانوں کو گھر نہ دینے میں بھی پاکستانی مسلمانوں کا قصور ہے کیوں کہ وہاں مسلمانوں نے ہندوؤں کے ساتھ غلط سلوک کیا چوں کہ تقسیم کے وقت سندھ سے آنے والے ہندو اپنا سب کچھ وہاں چھوڑ کر آئے تھے اور انہیں مسلمانوں نے تنگ کیا تھا اسی وجہ سے وہ بھارت میں آکر یہاں کے مسلمانوں سے بدلہ لینے لگے‘۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات