راولپنڈی ،مقامی عدالت نے قتل کے ایک مقدمے میں جرم ثابت ہونے پر ملزم بابر کو سزائے موت اور پانچ لاکھ روپے ہرجانے کی سزا سنا دی

ہفتہ 31 مئی 2025 17:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2025ء) راولپنڈی کی مقامی عدالت نے قتل کے ایک مقدمے میں جرم ثابت ہونے پر ملزم بابر کو سزائے موت اور پانچ لاکھ روپے ہرجانے کی سزا سنا دی۔ مجرم نے دسمبر 2024 میں گھریلو جھگڑے کے دوران کلہاڑی کے وار کر کے اپنے بڑے بھائی کی اہلیہ کو بے دردی سے قتل کر دیا تھا۔ یہ افسوسناک واقعہ تھانہ ٹیکسلا کی حدود میں پیش آیا جس کا مقدمہ اسی تھانے میں درج کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

عدالت نے دستیاب شواہد اور موثر پیروی کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ سنایا۔ سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے کیس کی تفتیش کرنے والی ٹیم، ایس ایس پی انوسٹی گیشن اور لیگل ٹیم کو شاندار کارکردگی پر شاباش دی۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹھوس شواہد اور پیشہ ورانہ انداز میں مقدمے کی پیروی کے باعث عدالت نے ملزم کو قرار واقعی سزا سنائی جو انصاف کی فتح ہے۔ پولیس حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ایسے سنگین جرائم میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لا کر متاثرین کو انصاف دلایا جاتا رہے گا۔

متعلقہ عنوان :