/حیدرآباد، سندھ یونائیٹڈ پارٹی کا ترقیاتی کام نہ کرانے اور مبینہ کرپشن کے خلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

ہفتہ 31 مئی 2025 19:15

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 مئی2025ء) قاسم آباد ٹاؤن کی یونین کونسل 149 کے وارڈ نمبر 13 کے سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے منتخب کونسلر عبدالسمیع چانڈیو نے یوسی چیئرمین کے خلاف اپنے وارڈ میں ترقیاتی کام نہ کرانے اور مبینہ کرپشن کے خلاف حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ یونین کونسل 149 کے چیئرمین عبدالخالق چانڈیو نے اپنے وارڈ 13 میں گزشتہ دو سالوں سے کوئی ترقیاتی کام نہیں کروایا جبکہ یوسی میں جو بھی کام ہوا ہے وہ ٹاؤن اور ایچ ایم سی نے کیا ہے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ علاقے میں ترقیاتی کام کرانے کے بجائے یوسی چیئرمین کونسلرز کو کیش دے کر چپ کرواتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوسی چیئرمین اپنے وارڈ کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنا کر نظر انداز کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ یوسی 149 میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات کر کے کارروائی کی جائے۔ اس دوران یوسی چیئرمین عبدالخالق چانڈیو نے اپنا موقف دیتے ہوئے الزام لگایا کہ ایس یو پی کونسلر کسی کو علاقے میں ترقیاتی کام نہیں کرانے دیتے اور جو بھی کام کروانے جاتا ہے اس سے رشوت مانگتا ہے۔

انہوں نے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ یونین کونسل کو آئندہ 12 لاکھ روپے ماہانہ سے تنخواہیں ادا کی جائیں اور باقی رقم یوسی کے کاموں پر خرچ کی جائے جبکہ ان کی یوسی نے ریکارڈ ترقی کی ہے۔

متعلقہ عنوان :