Live Updates

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت اعلی سطحی کابینہ اجلاس،آئندہ مالی سال کے بجٹ تجاویز پر غور

ہفتہ 31 مئی 2025 21:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2025ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے آئندہ مالی سال 26-2025کے بجٹ تجاویز پر غور کیلئے منعقد ہ ایک اعلی سطحی کابینہ اجلاس کی صدارت کی جس میں حکومت کی ترقی، غربت کے خاتمے اور پائیدار ترقی کے عزم کو اجاگر کیا گیاہے۔ہفتہ کو وزیراعلی ہائوس سے جاری اعلامیہ ک مطابق اجلاس میں وزراء، مشیران، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ اور متعلقہ سیکریٹریزنے شرکت کی۔

اجلاس میں مراد شاہ نے کہا کہ "میں چاہتا ہوں کہ کابینہ کے تمام اراکین بجٹ کی تیاری میں بھرپور حصہ لیں تاکہ یہ بجٹ عوام کی اصل ضروریات کو پورا کر سکے۔انہوں نے کہا کہ "چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ہم نے ہر ضلع سے تجاویز اکٹھی کی ہیں تاکہ یہ بجٹ نمائندہ اور موثر ہو۔

(جاری ہے)

وزیراعلی سندھ نے نئے بجٹ کے اہم شعبوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس میں پانی کی فراہمی ، نکاسی آب، شمسی توانائی کے نظام میں توسیع، تعلیم، صحت، زراعت اور صنعتی ترقی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ سال 2024-25 میں ہم نے کوئی نئی اسکیمیں شروع نہیں کیں کیونکہ ہماری ترجیح جاری منصوبوں کی تکمیل ہے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں چیئرمین بلاول بھٹو کی ہدایت پر عوام کو حقیقی فائدے پہنچانے والی نئی اسکیمیں شروع کی جائیں گی۔ اجلاس میں زیر بحث اہم باتوں میں سیلاب سے متاثرہ کمیونٹیز کی بحالی کی کوششیں جاری رکھنا، اسکولوں اور اسپتالوں کی مرمت، بنیادی ڈھانچے اور خدمات کو بہتر بنانے کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپس کے ذریعے نئے میگا پروجیکٹس کا آغازسمیت غربت کے خاتمے کے لئے سماجی تحفظ کے پروگراموں کو مضبوط کرنا، مرمت ، دیکھ بھال کے لئے بجٹ میں اضافہ، اسپتالوں کے آلات کو اپ گریڈ کرنا اور کراچی میں شہری ٹرانسپورٹ کو بہتر بنانے کیلئے ٹرانسپورٹ منصوبوں کی تکمیل شامل ہیں۔

وزیراعلی سندھ کہا کہ عید کے بعد مزید اجلاس منعقد ہوں گے تاکہ بجٹ تجاویز کو حتمی شکل دی جا سکے ،ہمارا مقصد ایسا بجٹ پیش کرنا ہے جو شفاف، ترقی پسند اور ہر سندھ کے شہری کی زندگی بہتر بنانے پر مرکوز ہو۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات