Live Updates

ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی خدمات کو قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی، علائوالدین ناکوا

پاکستان نے ایٹمی دھماکے کر کے خود کو ناقابلِ تسخیر دفاعی قوت کے طور پر دنیا کے سامنے منوایا

اتوار 1 جون 2025 15:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2025ء)یومِ تکبیر کی مناسبت سے پاک ماہیگیر ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جانب سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان کے محسن اور عظیم ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔یہ تقریب پاک ماہیگیر ویلفیئر ایسوسی ایشن کے مرکزی سیکریٹریٹ کراچی میں منعقد ہوئی جس کی صدارت ایسوسی ایشن کے صدر سردار علاؤالدین ناکوا نے کی۔

اس موقع پر ماہیگیر برادری کے معزز نمائندگان ڈاکٹر علاؤالدین، رئیس سلطان ہمدرد، محمد حسین شیخ، یوسی چیئرمین زین العابدین عرف جاوید بنگالی، محمد علی، محمد ابراہیم شیخ، شاہ جہان، ربیع عالم، قاری عبد الخالق اور عبد الغنی نے شرکت کی۔مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 28 مئی 1998 وہ تاریخی دن ہے جب پاکستان نے ایٹمی دھماکے کر کے خود کو ناقابلِ تسخیر دفاعی قوت کے طور پر دنیا کے سامنے منوایا۔

(جاری ہے)

یہ عظیم کارنامہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان جیسے محبِ وطن، باصلاحیت اور بے لوث سائنسدان کی انتھک کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ ان کی خدمات کو قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی۔تقریب کے دوران ''یومِ تکبیر 28 مئی'' کی تحریر والا خصوصی کیک کاٹا گیا، جس پر شرکاء نے ''پاکستان زندہ باد'' کے فلک شگاف نعرے لگائے اور وطن سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا۔تقریب کا اختتام دعائیہ کلمات پر ہوا، جس میں پاکستان کی سلامتی، ترقی، خوشحالی، اور ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات