شکارپور،کچے علاقے دل مہر میںفائرنگ سے 2 افراد جاں بحق جبکہ 1 زخمی

ایک گروپ کے ملزمان نے دوسرے گروپ کے 3 افراد کو فجر کی نماز کے دوران اغوا کیا

اتوار 1 جون 2025 15:25

شکارپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2025ء)شکارپور میں ٹائون چک کے کچے علاقے دل مہر میںفائرنگ سے 2 افراد جاں بحق جبکہ 1 زخمی ہوگیا، ایک گروپ کے ملزمان نے دوسرے گروپ کے 3 افراد کو فجر کی نماز کے دوران اغوا کیا۔اغوا کے بعد 2 افراد کو قتل اور 1 کو زخمی حالت میں چھوڑ کر فرار ہوگئے، جاں بحق افراد میں خان محمد مہر اور عمر مہر شامل ہیں جبکہ لاشیں اسپتال منتقل کردی گئی اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے ناکہ بندی کرکے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

بتایا جا رہا ہے کہ یہ واقعہ جتوئی اور مہر قبیلے کے درمیان دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ ہے۔ پولیس کی جانب سے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے گئے اور لاشوں کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے تحصیل اسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ علاقے میں صورتحال کشیدہ ہے، تاہم پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر ناکہ بندی کرکے سرچ آپریشن اور چھاپے شروع کر دیے ہیں۔ پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور جلد ہی ملزمان کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔