سوات ، جاری بارشوں ، ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور فوری اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت

اتوار 1 جون 2025 18:25

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2025ء)خیبرپختونخوا کے وزیر برائے لائیو اسٹاک، فشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان نے سوات میں جاری بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، ٹی ایم اے، ایریگیشن اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور فوری اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ دریائے سوات اور ندی نالوں کے کنارے واقع علاقوں کی مسلسل نگرانی کی جائے اور خطرے کی صورت میں بروقت انخلا کا بندوبست کیا جائے تاکہ کسی بھی جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

فضل حکیم خان نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ سوات کے سیاحتی مقامات پر موجود سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں اور عوام کو دریا کے کناروں سے دور رہنے کی تاکید کی جائے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ قریبی رابطہ رکھیں اور کسی بھی ممکنہ صورتحال کے لیے فوری ردعمل کی صلاحیت برقرار رکھیں۔