کراچی اولڈ سٹی تاجر اتحاد کا قیام‘ناصر مکانی چیئرمین ‘ یعقوب بالی صدر منتخب

18 برس سے دکانداروں کی خدمت کر رہے ہیں ‘ کاروباری طبقے کے مسائل سے بخوبی واقف ہیں‘ناصر مکانی ‘ یعقوب بالی

اتوار 1 جون 2025 18:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2025ء)کراچی اولڈ سٹی تاجر اتحاد کا قیام، پہلے اجلاس میں درجنوں مارکیٹ کے رہنما شریک ،ناصر مکانی چیئرمین اور یعقوب بالی صدر منتخب ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق اولڈ سٹی کے کاروباری افراد نے کراچی اولڈ سٹی تاجر اتحاد کا باقاعدہ سنگ بنیاد رکھ دیا۔ اس اہم موقع پر شہر کی درجنوں مرکزی اور ذیلی مارکیٹوں کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی اور اتحاد میں شمولیت کا اعلان کیا ۔

پہلے اجلاس میں تنظیمی ڈھانچے کا اعلان کیا گیا، جس کے مطابق ناصر مکانی کو چیئرمین، یعقوب بالی کو صدر اور محمد آفتاب کو سینئر وائس چیئرمین منتخب کیا گیا۔ دیگر عہدیداران میں اعجاز بھٹی (وائس چیئرمین) عظیم شیخ (نائب صدر) سمیع کسباتی (جنرل سیکریٹری) محمد اسماعیل (جوائنٹ سیکریٹری) جاوید میا (چیئرمین لاء اینڈ آرڈر کمیٹی)اور آصف جوجی (چیئرمین بلدیاتی امور) شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں شریک تاجر رہنماؤں میں اعجاز بھٹی، سمیع کسباتی، جاوید میا، عظیم شیخ، آفتاب بھائی، اقبال باکسر، محمد امین، محمد ہارون، خالد چنچل، رزاق بھائی، زبیر عاقبانی، یوسف حق حلال، محمد باسط، قادر سلاٹ، عبدالوہاب، فاروق بھائی، محمد اسماعیل، محمد فیصل، زاہد بھائی، حنیف بھائی، الطاف، شاہد، رفیق حنا، ادریس بھائی، ہارون بھائی، عبدالصمد، منصور چھری، شکیل اور دیگر شامل تھے۔

اس موقع پر چیئرمین ناصر مکانی اور صدر یعقوب بالی نے کہا کہ وہ گزشتہ 18 برس سے دکانداروں کی خدمت کر رہے ہیں اور کاروباری طبقے کے مسائل سے بخوبی واقف ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پارکنگ، صفائی، تجاوزات اور ٹریفک کے مسائل نے اولڈ سٹی کے تاجروں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، اور ان مسائل کے حل کے لیے ہی اس اتحاد کا قیام ضروری تھا۔تاجر رہنماؤں نے کہا کہ کراچی اولڈ سٹی تاجر اتحاد کاروباری برادری کی فلاح و بہبود، مسائل کے حل اور حکومتی اداروں کے ساتھ مؤثر رابطہ کاری کے لیے کام کرے گا۔ اجلاس کے اختتام پر دعا کرائی گئی اور عزم کیا گیا کہ ہر مارکیٹ میں کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی تاکہ مسائل نچلی سطح پر حل کیے جا سکیں۔