کراچی گندگی، بد انتظامی اور ترقیاتی تعطل کی علامت بن چکا ہے، شمسہ مہ جبین

روزانہ لاکھوں افراد ٹریفک جام، گرد و غبار اور گڑھوں میں پھنسے رہتے ہیں، شہر کے دورے کے موقع پر گفتگو

اتوار 1 جون 2025 20:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2025ء)صدائے انسانیت سوشل ویلفیئر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن شمسہ مہ جبین نے کہاہے کہ کراچی جو کبھی روشنیوں کا شہر کہلاتا تھا، آج گندگی، بد انتظامی اور ترقیاتی تعطل کی علامت بن چکا ہے۔ یہ باتیں انہوںنے کراچی کے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر شہر کی ابتر صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہیں۔

شمسہ مہ جبین نے گلشن اقبال سمیت شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور سڑکوں، فٹ پاتھوں اور شہری سہولیات کی حالت زار کا مشاہدہ کرتے ہوئے کہا کہ پورے شہر میں صفائی ستھرائی کا فقدان ہے، سڑکیں کھودی ہوئی ہیں، گرین بیلٹس پر تجاوزات ہیں اور ترقیاتی منصوبے صرف کاغذوں میں مکمل ہو رہے ہیں۔ عوام کو قدم قدم پر اذیت کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ریڈ لائن بس منصوبے کا خاص طور پر ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ برسوں سے تاخیر کا شکار ہے، لیکن نہ حکومت کی جانب سے متبادل راستے دیے گئے ہیں، نہ ہی ٹریفک کی روانی کے لیے کوئی اہلکار تعینات ہے۔

روزانہ لاکھوں افراد ٹریفک جام، گرد و غبار اور گڑھوں میں پھنسے رہتے ہیں۔محترمہ نے گرین بیلٹس اور فٹ پاتھوں پر قبضہ مافیا کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیدل چلنے والوں کے لیے کوئی محفوظ گزرگاہ نہیں رہی۔ خواتین، بزرگ اور بچے شدید مشکلات کا شکار ہیں۔انہوں نے حکومتِ سندھ، بلدیہ عظمیٰ کراچی اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ تمام تعطل کا شکار ترقیاتی منصوبوں کو فوری مکمل کیا جائے، ٹریفک کی روانی کے لیے متبادل راستے اور اہلکار تعینات کیے جائیں، تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے، صفائی ستھرائی کے مستقل اور مؤثر انتظامات کیے جائیں اور عوامی شکایات کے ازالے کے لیے ہیلپ لائن یا ایپ متعارف کرائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اگر سنجیدہ نہ ہوئی تو کراچی مزید مسائل کی دلدل میں دھنس جائے گا۔ یہ وقت اقدامات کا ہے، وعدوں اور بیانات کا نہیں۔ عوام آخر جائیں تو کہاں ۔