Live Updates

وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی چوتھےانٹرنیشنل لیگل فورم "تاشقند لاء سپرنگ" میں شرکت

پیر 2 جون 2025 18:42

وفاقی وزیر قانون  و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی  چوتھےانٹرنیشنل ..
تاشقند (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2025ء) پاکستان نے ازبکستان میں منعقدہ چوتھے انٹرنیشنل لیگل فورم "تاشقند لاء سپرنگ" میں شرکت کی ۔ ترجمان کے مطابق عالمی اجتماع میں1,500 سے زائد شرکا تھے جن میں وزرائے انصاف، سینئر ججز، قانونی ماہرین اور دنیا بھر سے بین الاقوامی ماہرین شامل تھے۔پاکستانی وفد کی قیادت وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کی۔

وفدمیں وزارت قانون و انصاف کے کنسلٹنٹ بیرسٹر سید شہروز بختیار بھی شامل تھے۔ اس سال کے فورم کا مرکزی عنوان "ڈیجیٹل ایج: مستقبل میں ایک قانونی نظر" تھا ۔اس فورم نے قانون اور ٹیکنالوجی کے سنگم پر جدیداور متنوع مسائل پر غور و خوض کیا جن میں ثالثی میں مصنوعی ذہانت (اے آ ئی) کا استعمال سے لے کر بلاک چین، ڈیجیٹل گورننس اور قانونی ٹیک ٹرانسفارمیشن تک شامل تھے ۔

(جاری ہے)

وزیر قانون و انصاف نے سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ڈیجیٹل شعبے میں پاکستان کی قانونی اصلاحات پر روشنی ڈالی اور حقوق پر مبنی جدت طرازی اور بین الاقوامی قانونی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔اس موقع پر وزیر قانون نے قطر، متحدہ عرب امارات، آذربائیجان، ازبکستان اور ترکیہ کے اپنے ہم منصبوں کے ساتھ اعلیٰ سطحی دو طرفہ ملاقاتیں کیں جن میں عدالتی جدید کاری، ڈیجیٹل قانونی خدمات اور علاقائی تعاون پر بات چیت کی گئی۔

پاکستان کے وزیر قانون و انصاف اور ازبکستان کے وزیر انصاف کے درمیان مستقبل میں تعاون کو باضابطہ ٹھوس شکل دینے اور دونوں وزارتوں کے درمیان مشترکہ ورکنگ پروگرام شروع کرنے کے لیے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط بھی کیے گئے۔"تاشقند لاء سپرنگ" تیزی سے اعلیٰ بین الاقوامی پلیٹ فارم کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے جو ڈیجیٹل دور میں قانون پر عالمی گفت و شنید یا مکالمے کی تشکیل کرتا ہے اور پاکستان کی موجودگی نے اس مکالمے میں اس کے بڑھتے ہوئے کردار کو واضح کیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات