Live Updates

قربانی ایک عبادت ہے جو صرف مسلمان کیلئے جائز ہے، پیر ارشدکاظمی

آئین قادیانیوں کو اسلامی اصطلاحات، عبادات اور شعائر کے استعمال سے منع کرتا ہے، قادیانی قربانی جیسا اسلامی شعار اپنانے کی کوشش کرتے ہیں جو کھلی بغاوت ہے، اجلاس سے خطاب

پیر 2 جون 2025 18:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2025ء) تحریک اہلسنّت پاکستان کے مرکزی رہنما و چیئرمین رابطہ کمیٹی سندھ پیر سید ارشد علی کاظمی القادری نے کہا ہے کہ قادیانی قربانی نہیں کر سکتے کیونکہ شریعتِ محمدی ﷺ کے مطابق قربانی ایک عبادت ہے جو صرف مسلمان کے لیے جائز ہے۔ قادیانی چونکہ عقیدہء ختمِ نبوت کے منکر اور غیر مسلم ہیں، اس لیے ان کا قربانی کرنا نہ صرف غیر شرعی بلکہ آئینِ پاکستان کی بھی صریح خلاف ورزی ہے، اگر قادیانیوں کو اسلامی شعائر کی بے حرمتی سے نہ روکا گیا تو تصادم کا خدشہ ہے۔

یہ باتیں انہوں نے رابطہ دفتر شاہ فیصل کالونی میں منعقدہ اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں،اجلاس میں وائس چیئرمین صوبائی رابطہ کمیٹی شکیل احمد قادری،صوفی جمال الدین قادری، محمدرئیس قادری، شہباز علی قادری سمیت علاقائی ذمہ داران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قربانی حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت اور اللہ کے قرب کا ذریعہ ہے، جو صرف مومن کے لیے مشروع ہے۔

جو شخص بنیادی عقائد اسلام کا انکار کرے، خصوصاً ختمِ نبوت جیسے قطعی عقیدے کا، وہ نہ مسلمان رہتا ہے اور نہ اس کے کسی عمل کو عبادت قرار دیا جا سکتا ہے۔ قادیانی نہ صرف شریعت کے منافی عقائد رکھتے ہیں بلکہ آئین پاکستان کی رُو سے بھی غیر مسلم اقلیت قرار دیے جا چکے ہیں۔ پیر ارشد علی کاظمی نے کہا کہ 1974 کی آئینی ترمیم اور 298-B، 298-C جیسی دفعات قادیانیوں کو اسلامی اصطلاحات، عبادات اور شعائر کے استعمال سے منع کرتی ہیں۔

اس کے باوجود قادیانی قربانی جیسا اسلامی شعار اپنانے کی کوشش کرتے ہیں جو کھلی بغاوت ہے۔ اگر حکومت نے ان کی سرگرمیوں پر سختی سے پابندی نہ لگائی تو یہ نہ صرف مذہبی اشتعال کا باعث بن سکتا ہے بلکہ آئینی اور قانونی انارکی کو بھی جنم دے سکتا ہے۔انہوں نے حکومت، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ عید الاضحی کے موقع پر قادیانیوں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں اور کہیں بھی قربانی کی صورت میں آئینی اور شرعی قانون کی خلاف ورزی کو فوری روکا جائے۔

مسلمان عوام کو بھی چاہیے کہ وہ ہوشیار رہیں اور قادیانیوں کی سازشوں اور دھوکہ دہی سے بچیں۔ تحریک اہلسنّت پاکستان ہر اس اقدام کی حمایت کرے گی جو شعائر اسلام کے تحفظ اور آئینِ پاکستان کی بالا دستی کے لیے ہو۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات