چترال کی تباہ حال سڑکوں کی تعمیر اور ترقیاتی کام جلد از جلد شروع کئے جائیں، تحریک تحفظ حقوق چترال

پیر 2 جون 2025 18:48

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2025ء) تحریک تحفظ حقوق چترال نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ چترال کی تباہ حال سڑکوں کی تعمیر اور ترقیاتی کام جلد از جلد شروع کیے جائیں۔ پیر کو پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک تحفظ حقوق چترال کے چیئرمین پیر مختار نبی اور تحریک کے دیگر رہنماؤں نے کہا کہ ہم چترال کی پسماندگی اور کرپشن کے خلاف آواز بلند کر رہے ہیں، چترال قدرتی حسن، تہذیب اور وطن سے وفاداری میں اپنی مثال آپ ہے لیکن بدقسمتی سے آج بھی چترال ترقی اور بنیادی حقوق سے محروم ہے،چترال کی سڑکیں بدترین صورتحال سے دوچار ہیں جن میں موڑکھو، تورکھو، لواری ٹنل ٹو شندور، بروغل، بونی بوزند، بمبوریت اور گرم چشمہ شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بونی بوزند روڈ کی تعمیر 2010 میں شروع ہوئی تھی اور آج 2025 میں بھی مکمل نہیں ہوئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ چترال میں دفعہ 144 کو فوری ہٹایا جائے۔ پیر مختار نبی نے کہا کہ ہم وزیراعلی خیبر پختونخوا، چیف سیکرٹری اور کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بونی بوزند روڈ کو فوری طور پر مکمل کیا جائے، تمام جھوٹے مقدمات اور ایف آئی آرز واپس لیے جائیں، عوامی نمائندوں کی عزت بحال کی جائے اور شندور میلہ کے فنڈز کا آڈٹ کیا جائے۔مقامی آبادی کو اعتماد میں لے کر سیاحت کی حقیقی ترقی دی جائے اور پورے چترال کی سڑکوں پر ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :