ڈیفالٹ شدہ رقوم کی وصولی کیلئے بحریہ ٹاؤن کی غیرمنقولہ جائیدادیں 12 جون کو نیلام ہوں گی، نیب

نیلام کی جانے والی جائیدادوں میں بحریہ ٹاؤن کارپوریٹ افس بحریہ ٹاؤن فیز ٹو راولپنڈی شامل ہے،اعلامیہ

پیر 2 جون 2025 18:53

ڈیفالٹ شدہ رقوم کی وصولی کیلئے بحریہ ٹاؤن کی غیرمنقولہ جائیدادیں 12 ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2025ء)نیب نے اعلان کیا ہے کہ نیب قوانین کے مطابق پلی بارگین کی ڈیفالٹ شدہ رقوم کی وصولی کے لیے بحریہ ٹاؤن کی غیر منقولہ جائیدادیں 12 جون کو نیلام کی جائیں گی۔قومی احتساب بیورو (نیب)کے مطابق نیب قوانین کے تحت پلی بارگیننگ کی ڈیفالٹ شدہ رقوم کی وصولی کیلئے بحریہ ٹاؤن کی غیر منقولہ جائیدادوں کا نیلام عام ہوگا۔

اعلامیے کے مطابق قومی احتساب ارڈیننس 1999 سیکشن 33 ای کے تحت بحریہ ٹاؤن کی جائیدادوں کی نیلامی 12 جون کو ہوگی، نیلام کی جانے والی جائیدادوں میں بحریہ ٹاؤن کارپوریٹ افس بحریہ ٹاؤن فیز ٹو راولپنڈی شامل ہے۔اعلامیے کے مطابق نیلامی کی فہرست میں روبیش مارکی بحریہ گارڈن سٹی نزد بحریہ گارڈن سٹی گالف کورس بحریہ ٹاؤن اسلام اباد بھی نیلامی میں شامل ہے جبکہ ارینہ سینما پلاٹ نمبر984 بورڈ اے بحریہ ٹاؤن فیز فور راولپنڈی کو بھی نیلام کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اعلامیے کے مطابق سفاری کلب پلاٹ نمبر27 سفاری ولاز ون بحریہ ٹاؤن راولپنڈی بھی نیلامی میں شامل ہے، خریداری میں دلچسپی لینے والوں کیلئے نیلامی سے 2 روز قبل ریجنل نیب افس نزد لال مسجد اسلام آباد میں بریفنگ کا اہتمام کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ نیب کراچی نے رواں سال فروری میں بحریہ ٹاؤن کے مالک ملک ریاض اور علی ریاض سمیت 33 ملزمان کے خلاف احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کیاتھا۔

رپورٹ کے مطابق احتساب عدالت نے ملزمان کو 25 فروری کے لیے نوٹس جاری کردیے تھے، ملزمان میں بحریہ ٹاؤن کے افسران بھی شامل تھے۔بحریہ ٹاؤن کے خلاف سرکاری زمین پر غیرقانونی قبضے کے الزام پر نیب ریفرنس دائر کیا گیا تھا، ریفرنس میں کہا گیا تھا کہ بحریہ ٹاؤن نے سپریم کورٹ میں کرائی جانے والی یقین دہانی کی بھی خلاف ورزی کی۔ریفرنس کے مطابق سپریم کورٹ نے بحریہ ٹاؤن کو 460 ارب روپے جمع کرانے اور سندھ حکومت کو زمین کا نیا سروے کرانے کا حکم دیا تھا۔