صدرِزرداری اورسپیکرقومی اسمبلی کا بارشوں اور سیلاب سے ملک بھرمیں ہونے والے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار

جمعہ 15 اگست 2025 20:23

صدرِزرداری اورسپیکرقومی اسمبلی کا بارشوں اور سیلاب سے ملک بھرمیں ہونے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اگست2025ء) صدرِ مملکت آصف علی زرداری اورسپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق نے بارشوں اور سیلاب سے ملک بھرمیں ہونے والے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہا رکیا ہے ۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ متاثرہ افراد کی مدد اور بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں‘زخمی افراد کو فوری اور معیاری طبی سہولتیں فراہم کی جائیں ۔

سپیکرایازصادق نے کہا کہ قدرتی آفات سے بچاؤ کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات ناگزیر ہیں۔ایک بیان میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ملک کے مختلف علاقوں میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہاراورجاں بحق افراد کے بلندی درجات کے لیے دعا اور لواحقین سے دلی اظہار ہمدردی کی۔

(جاری ہے)

صدر نے کہا کہ متعلقہ ادارے امدادی سرگرمیوں کو تیز کریں‘متاثرہ افراد کی مدد اور بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں‘زخمی افراد کو فوری اور معیاری طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردارایازصادق نے گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں کلاؤڈ برسٹ اور سیلابی ریلوں سے جانی و مالی نقصان پر ِ افسوس اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہارکرتے ہوئے سیلابی ریلوں سے زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاکی ۔اسپیکر سردار ایاز صادق نے متعلقہ اداروں کو فوری ریسکیو اور ریلیف آپریشن کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قدرتی آفات سے بچاؤ کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات ناگزیر ہیں؛اسپیکر سردار ایاز صادق نے گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کے متاثرہ علاقوں کے عوام سے اظہارِ یکجہتی اور مختلف سانحات میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے دعائے مغفرت اورلواحقین کو صبر جمیل عطا فرمانے کی دعاکی۔