فیصل آباد، پولیس مقابلے میں 2 کرائے کے قاتل ہلاک ہوگئے

پیر 2 جون 2025 22:43

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2025ء) مبینہ پولیس مقابلہ کے دوران 2 خطرناک کرائے کے قاتل پرویز اور سیف ہلاک ہوگئے ۔ پولیس رپورٹ کے مطابق سی سی ڈی مدینہ ٹاؤن پولیس نے دھنولہ روڈ سمانہ پل کے قریب دوران ناکہ بندی پر 4 موٹرسائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا تو موٹر سائیکل سواروں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی۔اطلاع پر سی سی ڈی اقبال ڈویژن کی نفری بھی موقع پر پہنچ گئی۔

آدھ گھنٹہ جاری رہنے والے مبینہ پولیس مقابلہ کے بعد چیکنگ کے دوران 2 ملزمان مضروبی حالت میں پائے گئے۔

(جاری ہے)

ملزمان کو اسلحہ سمیت حراست میں لے کر فوری طور ہسپتال منتقل کردیا گیا تاہم وہ ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گئے۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے دونوں ڈاکوئوں کی شناخت پرویز اور سیف کے نام سے ہوئی جو شوٹر، ٹارگٹ کلر اور اجرتی قاتل تھے۔ ملزمان نے تھانہ ملت ٹائون کے علاقہ میں ٹارگٹ کلنگ کے دوران حاملہ خاتون اور تھانہ نشاط آباد کے علاقہ میں اجرت لے کر ایک شہری کو قتل جبکہ ایک شخص کو قتل کرنے کی نیت سے شدید زخمی کیا تھا۔ ملزمان گرفتار ہونے کے بعد گذشتہ روز پولیس حراست سے فرار ہوئے تھے، ہلاک ہو نیوالے ٹارگٹ کلرز کے خلاف قتل اور اقدام قتل کے مقدمات درج تھے۔