نوجوان تشدد کیس؛ سلمان فاروقی سمیت 2 ملزمان جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

مرکزی ملزم سلمان فاروقی کی جانب سے عدالت میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست بھی جمع کرادی گئی

Sajid Ali ساجد علی منگل 3 جون 2025 11:30

نوجوان تشدد کیس؛ سلمان فاروقی سمیت 2 ملزمان جسمانی ریمانڈ پر پولیس ..
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 جون 2025ء ) صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں نوجوان تشدد کیس میں عدالت نے مرکزی ملزم سلمان فاروقی سمیت 2 ملزمان کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس اتحاد کمرشل میں نوجوان پ تشدد میں ملوث دونوں ملزمان کو سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی مزمل علی سومرو کی عدالت میں پیش کیا گیا، پولیس نے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جس پر عدالت نے 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر مقدمے کی پیشرفت رپورٹ طلب کرلی۔

بتایا گیا ہے کہ سماعت کے دوران عدالت نے سلمان فاروقی سے وکیل کے بارے مین پوچھا تو اس نے بتایا کہ اس کے وکیل نعیم قریشی ہیں، جس پر عدالت نے وکیل کو طلب کیا اور سماعت 10 منٹ کے لیے ملتوی کی گئی، بعدازاں سلمان فاروقی کی جانب سے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست بھی جمع کرائی گئی، ملزم کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ ’مقدمے میں شامل دفعات ضمانتی نوعیت کی ہیں جن میں دھمکیاں دینے کی دفعہ شامل ہے‘۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ پولیس نے عدالت میں واقعے کی ابتدائی رپورٹ جمع کرائی جس میں بتایا کہ مدعی محمد سلیم جو ایک موبائل کمپنی میں سیلز مینیجر ہے، اتحاد کمرشل پر ریکوری کے لیے گیا جہاں اس نے دیکھا کہ ایک موٹرسائیکل کا گاڑی سے معمولی حادثہ ہوا لیکن کار سوار سلمان فاروقی نے اس معمولی سے حادثے پر طیش میں آ کر ناصرف موٹرسائیکل سوار کو تشدد کا نشانہ بنایا بلکہ اپنے سکیورٹی گارڈ کے ہمراہ اسلحے کے زور پر نوجوان کو گاڑی میں محصور کردیا، اس دوران متاثرہ شخص کے ساتھ موجود خواتین نے ہاتھ جوڑ کر منت سماجت کی لیکن گاڑی سوار نے نا صرف گالیاں دیں بلکہ ایک خاتون کو دھکا دے کر پیچھے دھکیل دیا۔