سیالکوٹ، ریسکیو1122کا سیلابی صورتحال سے بروقت نمٹنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر نہراپر چناب کمبھرانوالہ کے مقام پرفرضی مشق کا انعقاد

منگل 3 جون 2025 15:00

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2025ء) ریسکیو1122سیالکوٹ نے سیلابی صورتحال سے بروقت نمٹنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر نہراپر چناب کمبھرانوالہ کے مقام پرفرضی مشق کا انعقاد کیا۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس ڈاکٹر رضوان نصیر کی خصوصی ہدایت اور ریجنل ایمرجنسی آفیسر گوجرانوالہ کی زیر نگرانی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے فرضی مشق کا انعقاد کیا۔

ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی کی ہدایت پر ضلع کے تمام اداروں نے مشق میں شرکت کی،تمام محکموں نے سیلابی صورتحال کے پیش نظر فرضی مشقوں میں سیلاب سے نبرد آزاما ہونے والے آلات کے سٹالز لگائے۔ ریسکیو 1122نے سیلاب کے دوران آپریشن کا عملی مظاہرہ پیش کیا، ابتدائی طبی امداد کا فیلڈ کیمپ لگایا اور ڈوب کر ہلاک ہونے والوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن کا مظاہرہ بھی پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر DDMC کیوان حسن نے ریسکیو اور تمام محکموں کو کامیاب فرضی مشق کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کیا اور سیلاب کے حوالے سے تیاریوں کو تسلی بخش قرار دیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے کہا کہ اس طرح کی فرضی مشقوں کا مقصد ریسکیو 1122اور دوسرے محکموں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو پرکھنے کے ساتھ ساتھ آلات کی آپریشنل صلا حیتوں کو بھی جانچنا ہے تاکہ ممکنہ سیلاب سے بچاؤ کے لیے بہتر ین اقدامات کیے جا سکیں اور ضلعی محکموں کے درمیان باہمی اشتراک قائم کیا جا سکے تا کہ بوقت ایمرجنسی عوام کو جلد ریلیف مہیا کیا جا سکے۔

فرضی مشقوں میں ریسکیو1122کے ہمراہ ریسکیو محافظین اور ضلع کے دوسرے اداروں جن میں سول ڈیفنس، واسا، میو نسپل کارپوریشن، محکمہ ہیلتھ، محکمہ انہار،محکمہ لائیو سٹاک، ٹریفک پولیس، سوشل ویلفیئر آرگنائزیشن اورحیی الفلاح، روز ویلفیئر آرگنائزیشن نے بھی حصہ لیا۔