ملک میں پیڈل کے کھیل کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، کھلاڑیوں کو وسائل اور سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے، قرۃ العین

منگل 3 جون 2025 16:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2025ء) پاکستان پیڈل فیڈریشن کی سیکرٹری جنرل قرۃ العین نے کہا ہے کہ ملک میں پیڈل کے کھیل کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے لیکن کھلاڑیوں کو وسائل اور سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان پیڈل رینکنگ کپ 2025 کی اختتامی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیڈل رینکنگ کپ 2025 میں کھلاڑیوں کی کثیر تعداد کی شرکت سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ ملک میں پیڈل کے کھیل کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں اور کھلاڑیوں کو وسائل اور سہولیات فراہم کی جائیں تو یہ ہی کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرسکتے ہیں۔ پاکستان پیڈل رینکنگ کپ 2025 میں مردوں کے ایونٹ میں پیڈل سٹارکی ٹیم نے کامیابی حاصل جبکہ خواتین میں ٹرائبز اور بوائز انڈر 14 سپر سٹرائیکرز کی ٹیموں نے میدان مار لئے ہیں۔

(جاری ہے)

ٹورنامنٹ میں اول آنے والی ٹیم کو ایک لاکھ روپے بمعہ ونر ٹرافی، دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو 50 ہزار روپے بمعہ رنر اپ ٹرافی اور تیسری پوزیشن پر آنے والی ٹیم کو 25 ہزار روپے سے نوازا گیا۔مردوں کی کیٹگریز کے مقابلوں میں پیڈل سٹار کی ٹیم چیمپئن بن گئی جبکہ کیچ برادرز اور ٹائیگرز کی ٹیموں نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔ خواتین کیٹیگریز کے مقابلوں میں ٹرائبز کی ٹیم نے چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا جبکہ ایم یو وی اور کنٹرول ایکس پاور کی ٹیمیں بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہیں۔بوائز انڈر 14 کیٹگریز کے مقابلوں میں سپراسٹرائیکرز نے پہلی اور اللہ والا نے دوسری جبکہ اے ٹو برادرز نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔