عیدالاضحیٰ کے موقع پر سکیورٹی پلان تشکیل ، مویشی منڈیوں میں سکیورٹی فراہم کی جائے،ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ

منگل 3 جون 2025 17:51

عمرکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ نوید الرحمان لاڑک کی زیر صدارت عیدالاضحیٰ کے انتظامات اور سکیورٹی پلان کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ ڈپٹی کمشنرنے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پرسکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے۔انہوں نے ہدایت دی کہ عید کے تینوں دن صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جائے خاص طور پر عید سے پہلے اور بعد میں صفائی کے نظام کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ قربانی کے جانور مخصوص مویشی منڈیوں میں رکھے جائیں اور اس بات کا خاص خیال رکھا جائے کہ قربانی کے جانور بیمار نہ ہوں۔ انہوں نے پولیس اہلکاروں کو ہدایت دی کہ مویشی منڈیوں میں مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے تاکہ غریب لوگوں کو کسی قسم کا نقصان نہ ہو۔ڈپٹی کمشنر نے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے افسران کو ہدایت دی کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر عوام کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیف میونسپل آفیسر میونسپل کمیٹی عمرکوٹ سید ساجد علی شاہ اور دیگر ٹاؤن افسران نے عیدالاضحیٰ کے انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے ایکسئین حیسکو امتیاز میمن کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے تینوں دن لوڈشیڈنگ ختم کی جائے۔ایس ایس پی عمرکوٹ عزیر احمد میمن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحیٰ پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ضلع عمرکوٹ میں عید کی نماز 50 مقامات پر ادا کی جائے گی جن کی سکیورٹی کے لیے 500 اہلکار ڈیوٹی انجام دیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلع میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سخت پیٹرولنگ جاری ہے۔ اجلاس میں ایس ایس پی عزیر احمد میمن،اسسٹنٹ کمشنر عمرکوٹ رجب علی سٹھیو، اسسٹنٹ کمشنر سامارو و پٹھورو سنجے کمار ترکیو، اسسٹنٹ کمشنر کنری محمد خان بھنگوار،چیف میونسپل آفیسر سید ساجد شاہ، ایکسئین حیسکو امتیاز میمن، ایکسئین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ عمرکوٹ یوسف شیخ،ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر عمرکوٹ محمد اسلم بھٹی،ٹاؤن آفیسر سامارو و ڈھورو نارو فرحان لغاری سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔