Live Updates

3 جون 1947ء کا دن مسلمانان برصغیر کیلئے آزادی کی نویدلے کرآیا : مقررین

منگل 3 جون 2025 21:09

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جون2025ء) 3جون 1947ء کا دن مسلمانان برصغیر کیلئے آزادی کی نوید لے کرآیا۔ تقسیم ہند کا اعلان قائداعظمؒ کی فتح تھی اور یہ تحریک پاکستان کا اہم سنگ میل ہے۔ اس دن قائداعظمؒ نے آل انڈیا ریڈیو سے منصوبہ تقسیم ہند بیان کرتے ہوئے قیام پاکستان کا اعلان کیا اور ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کا نعرہ لگایا ۔

ان خیالات کااظہار پروفیسر ڈاکٹر پروین خان نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان لاہور میں منعقدہ خصوصی لیکچر بعنوان ’’منصوبہ 3جون 1947ء ۔ یوم نوید آزادی ‘‘ کے دوران کیا۔اس لیکچر کا اہتمام ادارہٴ نظریہٴ پاکستان نے تحریک پاکستان ورکرزٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔پروگرام کے آغاز پر محمد احمد عثمان نے تلاوت جبکہ عبدالہادی نے نعت پیش کی۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر پروین خان نے کہا 3جون جدوجہد آزادی کا تاریخ ساز دن ہے۔ یہ دن اس لحاظ سے بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے کہ اس دن قائداعظم محمد علی جناحؒ نے آل انڈیا ریڈیو سے اپنی نشری تقریر کے بعد پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا۔ انگریزوں اور ہندوئوں کا خیال تھا کہ پاکستان زیادہ دیر تک قائم نہیں رہ سکے گا اور ہندوستان دوبارہ متحد ہو جائے گالیکن اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے پاکستان آج تک قائم و دائم ہے۔

3جون کو تقسیم ہند کے منصوبے کے اعلان کے بعد اسی شام قائداعظمؒ نے آل انڈیا ریڈیو سے قوم سے خطاب کرتے ہوئے اپنا موقف واضح کیااور اپنے خطاب کے اختتام پر پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا۔ پروفیسر شرافت علی خان نے کہا کہ 3جون 1947ء ہماری تاریخ کا نہایت اہم دن ہے، اس دن مسلمانان برصغیر کو قائداعظمؒ کی زبان سے تقسیم ہند اور قیام پاکستان کی خوشخبری ملی۔

آزاد مملکت کے قیام کی خوشخبری کا سن کر مسلمانان برصغیر کا جوش و خروش قابل دید تھا۔ یہ ملک بڑی قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا ہے اس کی قدر کریں۔ مجاہد حسین سید نے کہا کہ پاکستان بے پناہ قربانیوں کے بعد بنا اور آج ہمیں ملکر اس ملک کو آگے لے کر جاناہے۔ ذاتی مفاد کی بجائے قومی مفاد کو ترجیح دیں اور ملک دشمنوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دیں۔

نئی نسل ہی ملک کا مستقبل ہے اور اس نے کل ملک کی باگ ڈور سنبھالنی ہے۔ ہمیں قائداعظمؒ کے سنہری اصول ’’ایمان ، اتحاد ، تنظیم‘‘ پر عمل کرنا چاہئے۔محمد سیف اللہ چوہدری نے کہا کہ 3 جون 1947ء ہندوستان کی تاریخ میں بے حد اہمیت کا حامل ہے۔ اس تاریخ ساز دن ہندوستان کی تقسیم کے اعلان کے ساتھ ہی دنیا میں ایک نئی اسلامی مملکت کے قیام کا اعلان ہوا تھا جسے پاکستان کا نام دیا گیا۔ پروگرام میں عامر کمال صوفی ایڈووکیٹ‘ فارینہ برکی‘ مسز خلیق احمد خان‘ عابد حسین شاہ، طلبا و طالبات و اساتذہ کرام نے شرکت کی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات