Live Updates

پاکستان آسیان فرینڈشپ ایسوسی ایشن کے اعلیٰ سطح وفد کی میانمار کے سفیر ہون وو سے ملاقات

منگل 3 جون 2025 21:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2025ء) پاکستان آسیان فرینڈشپ ایسوسی ایشن کے ایک اعلیٰ سطح وفد نے میانمار کے سفیر ہون وو سے ان کے سفارت خانے میں ملاقات کی۔ وفد کی قیادت یو بی جی کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کی جبکہ وفد میں یو بی جی سنٹرل کور کمیٹی کے رکن احسن ظفر بختاوری ، اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے سابق ایگزیکٹو ممبر عدنان مختار اور جی سیون مرکز کے صدر الطاف حسین شاہ شامل تھے۔

ملاقات کے دوران پاکستان اور میانمار کے مابین تجارتی، معاشی، ثقافتی اور سیاحتی تعلقات کو فروغ دینے کے امکانات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ میانمار کے سفیر نے کہا کہ پاکستان اور میانمار تاریخی و ثقافتی روابط میں جڑے ہوئے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان براہ راست فضائی روابط کا قیام انتہائی اہم ہے تاکہ تجارتی و سیاحتی تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مشترکہ تجارتی منصوبے اور طبی سیاحت کے فروغ اور ثقافتی وفود کے تبادلوں پر زور دیا تاکہ باہمی تعلقات کو عملی تعاون میں بدلا جا سکے۔یو بی جی کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان اور میانمار کے درمیان دفاعی تعاون کی بنیاد مضبوط ہے اور یہ تعلق جے ایف-17 تھنڈر طیاروں کی فروخت سے مزید مستحکم ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خواہش ہے کہ وہ آسیان کا فل ڈائیلاگ پارٹنر بنے اور میانمار اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے۔

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان بہت کم تجارتی حجم پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس میں اضافے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔احسن ظفر بختاوری نے تعلیم اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کی ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کو طلباء کے لیے باہمی تعلیمی وظائف اور سیاحتی پیکجزمتعارف کروانے چاہیئں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور میانمار کو ایک دوسرے کے لیے آسان ویزہ پالیسی اور براہ راست پروازوں جیسے عملی اقدامات اٹھانے ہوں گے تاکہ عوامی روابط کو تقویت دی جا سکے۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے سابق ایگزیکٹو ممبر عدنان مختار نے کہا کہ موجودہ عالمی اقتصادی تناظر میں نجی شعبے کا کردارپہلے سے کہیں زیادہ اہمیت اختیار کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور میانمار کے کاروباری اداروں کو چاہیے کہ وہ بی ٹو بی میٹنگز، تجارتی نمائشوں اور مشترکہ وینچرزکے ذریعے عملی شراکت داری قائم کریں جس سے دونوں ممالک کی اقتصادی بنیادیں مضبوط ہوں گی۔ الطاف حسین شاہ نے کہا کہ پاکستان اور میانمار کے درمیان پائیدار تعلقات کے لیے ضروری ہے کہ عوامی سطح پر روابط کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے نوجوان، تاجر، طلباء اور سماجی رہنما ثقافتی وفود اور مشترکہ تقریبات کے ذریعے ایک دوسرے کے قریب آ سکتے ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات