صدر کاٹی کی میئر کراچی مرتضی ٰوہاب کوکے پی ٹی پل کے مرمتی کام کوپایہ تکمیل تک پہنچانے پر مبارکباد

منگل 3 جون 2025 20:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2025ء) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی)کے صدر جنید نقی نے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کو کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی جانب سے کورنگی روڈ پر کے پی ٹی پل کے مرمتی کام کو مقررہ وقت پر پایہ تکمیل تک پہنچانے پر مبارکبادپیش کی ۔منگل کو جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ کے پی ٹی پل پر مرمتی کام مکمل ہونے سے ٹریفک کی روانی میں بہتری سمیت بلوچ کالونی ایکسپریس وے اور قیوم آباد سے کورنگی روڈ پرآمدو رفت میں بہتری آئے گی ۔

(جاری ہے)

جنید نقی نے کہا کہ کراچی بہت خوبصورت شہر ہے اور ہمیں خوشی ہے کہ میئر کراچی نے اسے اون کرتے ہوئے تعمیر و ترقی کیلئے کوششیں کیں اور انہی کی سربراہی میں کے ایم سی کی جانب سے مزید ترقیاتی منصوبوں کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ کاٹی نے ہمیشہ شہر کی خوبصورتی، تعمیر و ترقی اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق مثبت کردار ادا کیا ہے اور امید کرتے ہیں کہ شہری و صوبائی حکومت کورنگی کاز وے ، جام صادق پل سمیت شہر کے بنیادی انفرااسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لئے ترقیاتی کاموں میں تیزی ، مشینری اور عملہ کی تعداد بڑھا کر منصوبوں کو جلد تکمیل تک پہنچائیں گی ۔