Live Updates

صدرٹرمپ نے بھارت میں الیکٹرک کار کمپنی ٹیسلا کا مینوفیکچرنگ پلانٹ لگنے سے رکوا دیا

منگل 3 جون 2025 20:50

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2025ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت میں امریکی ارب پتی ایلون مسک کی کار ساز کمپنی ٹیسلا کا مینوفیکچرنگ پلانٹ لگنے سے رکوا دیاہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ بھارت میں ہیوی انڈسٹریز کے وزیر ایچ ڈی کمارا سوامی نے پریس کانفرنس کے دوران صحافی کے سوال کے جواب میں بتایا کہ ٹیسلا بھارت میں مینوفیکچرنگ میں دلچسپی نہیں رکھتی۔

ایچ ڈی کمارا سوامی نے بھارت میں درآمد کی جانے والی الیکٹرک گاڑیوں کی مقامی سطح پر تیاری کا ارادہ رکھنے والی کمپنیوں کو ترغیب دینے سے متعلق اسکیم کا اعلان کیا۔گزشتہ سال مارچ میں نوٹیفائی کی گئی اس اسکیم کے تحت ایسی 4 وہیل الیکٹرک گاڑیوں پر درآمدی ڈیوٹی کو 15فیصد تک کم کر دیا جائے گا، جن کی قیمت کم از کم 35 ہزار امریکی ڈالر ہو، بشرطیکہ متعلقہ کمپنیاں بھارت میں 50کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کریں اور ایک پلانٹ لگائیں۔

(جاری ہے)

کمارا سوامی نے کہا کہ ٹیسلا سے ہمیں کوئی توقع نہیں، کیونکہ انہوں نے صرف 2 شورومز شروع کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔اس سے قبل رائٹرز نے رپورٹ کیا تھا کہ رواں سال فروری تک ٹیسلا کمپنی نے دہلی اور ممبئی میں ایک ایک جگہ شورومز کے لیے منتخب کی تھی، جہاں سے درآمد شدہ الیکٹرک گاڑیاں فروخت کی جائیں گی۔جب یہ اسکیم نوٹیفائی کی گئی تو اسے ٹیسلا کی جیت کے طور پر دیکھا گیا تھا کیونکہ اس نے ایسی مراعات کے لیے لابنگ کی تھی۔

رائٹرز کے مطابق ایلون مسک کے گزشتہ سال اپریل میں بھارت کے دورے کے موقع پرایک کار پلانٹ میں 3ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے اعلان کی توقع تھی۔تاہم انہوں نے اپنا دورہ یہ کہتے ہوئے ملتوی کر دیا کہ ان پر ٹیسلا کی بہت بھاری ذمہ داریاں ہیں، اسی مہینے کے آخر میں ایلون مسک نے چین کا ایک غیر متوقع دورہ کیا جہاں ان کی کمپنی کی جدید سیلف ڈرائیونگ ٹیکنالوجی کو ملک میں قبول کروانے میں پیش رفت ہوئی۔واضح رہے امریکی صدر ٹرمپ نے فروری میں امریکی میڈیا کو انٹرویو میں کہا تھا کہ ایلون مسک نے بھارت میں ٹیسلا کی فیکٹری لگائی تویہ امریکہ کے ساتھ ناانصافی ہوگی، گزشتہ دنوں بھی ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ٹیسلا سمیت دیگر کمپنیوں کو کاریں، پرزے امریکہ میں بنانے چاہئیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات