موٹرویز پر سفر کرنے والوں کیلئے اضافی ٹیکس عائد

نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا ملک بھر کی تمام موٹر ویز پر بغیر ایم ٹیگ اور کم بیلنس رکھنے والی گاڑیوں پر 50 فیصد اضافی ٹول ٹیکس عائد کرنے کا اعلان

منگل 3 جون 2025 21:20

موٹرویز پر سفر کرنے والوں کیلئے اضافی ٹیکس عائد
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2025ء) نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے ملک بھر کی تمام موٹر ویز پر بغیر ایم ٹیگ اورکم بیلنس رکھنے والی گاڑیوں پر 50 فیصد اضافی ٹول ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کیا ہے ، اطلاق 15 جون 2025 سے ہو گا ۔ منگل کو نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے شعبہ مالیات و محصولات نے اس ضمن میں باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ۔

(جاری ہے)

یہ نوٹیفکیشن این ایچ اے ایکٹ 1991 کی شق 10(2) ذیلی شق vii ، ترمیم شدہ 2024 کے تفویض کردہ اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے جاری کیا گیا ہے ۔ اس کا اطلاق موٹر وے ایم ون اسلام آباد -پشاور، ایم ٹو اسلام آباد - لاہور، ایم تھری لاہور - عبدالحکیم، ایم فور پنڈی بھٹیاں - ملتان ، ایم فائیو ملتان - سکھر، ایم نائن کراچی- حیدرآباد ، ایم 14 ڈیرہ اسماعیل خان - ہکلہ ، سوات ایکسپریس وے ای- 35 سب پر چھوٹی بڑی گاڑیوں کی مختلف کیٹگریز کے لئے مقرر کیا گیا ہے۔