Live Updates

آئندہ بجٹ میں کاروبار کرنے میں آسانی کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے،صدر اسلام آبادچیمبر

منگل 3 جون 2025 22:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2025ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی)کے صدر ناصر منصور قریشی نے آئندہ بجٹ میں کاروبار کرنے میں آسانی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ تعمیری مشاورت، جامع اور طویل مدتی پالیسیاں ملک کی معاشی خوشحالی کو یقینی بنا سکتی ہیں۔

اپنے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ کاروبار کرنے کی لاگت کو کم کرنے کیلئے بجلی کے نرخوں میں کمی بہت ضروری ہے، جس سے صنعتوں کو موثر طریقے سے کام کرنے، برآمدات کو فروغ دینے اور زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم بنانے سے قومی اقتصادی خوشحالی کی راہ ہموار ہو گی۔انہوں نے کہا کہ ٹیکسز کا نفاذ حکومت کا استحقاق ہے لیکن معیشت میں ایک بنیادی سٹیک ہولڈر کے طور پر کاروباری برادری کو اہم اقتصادی فیصلوں میں آن بورڈ لینا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کاروبار دوست ماحول کی پائیداری کو یقینی بنانے کے لیے ایسے اقدامات کے سلسلے میں کاروباری برادری کی شمولیت ضروری ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ قلیل مدتی معاشی اصلاحات کی بجائے ملک کو معاشی چیلنجز سے نکالنے اور اقتصادی استحکام کے لیے طویل المدتی پالیسی سازی کرے۔حال ہی میں جاری کردہ انکم ٹیکس آرڈیننس پر تبصرہ کرتے ہوئے آئی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ کاروباری برادری کے خدشات کو دور کرنے کی ضرورت ہے تاکہ کاروباری شعبہ کی ترقی اور ٹیکس محصولات کے فروغ کو یقینی بنایا جا سکے۔ ناصر قریشی نے زور دے کر کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ تعمیری مشاورت، جامع اور طویل مدتی پالیسیاں ملک کی معاشی خوشحالی کو یقینی بنا سکتی ہیں۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات