ایس پی مانسہرہ کا مویشی منڈی پانو کا دورہ، عیدالاضحیٰ کے موقع پر ٹریفک پلان کا جائزہ لیا

بدھ 4 جون 2025 14:39

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2025ء) ایس پی ٹریفک مانسہرہ شاہنواز خان نے عیدالاضحیٰ کی آمد کے پیش نظر پانو میں قائم مویشی منڈی کا دورہ کیا اور موقع پر موجود ٹریفک کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا، ان کے ہمراہ انسپکٹر ٹریفک پولیس مانسہرہ انس خان بھی موجود تھے۔ انہوں نے مویشی منڈی کے اطراف تعینات ٹریفک اہلکاروں سے ملاقات کی اور انہیں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے، شہریوں کی سہولت کو یقینی بنانے اور غیرقانونی سرگرمیوں کی روک تھام سے متعلق خصوصی ہدایات جاری کیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر صرف ضلعی انتظامیہ سے منظور شدہ اور رجسٹرڈ مویشی منڈیوں کو کام کرنے کی اجازت ہو گی، سڑکوں کے کنارے جانور باندھنے یا خرید و فروخت کرنے پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے تاکہ ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ نہ آئے اور عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔

(جاری ہے)

شاہنواز خان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور رجسٹرڈ منڈیوں سے ہی قربانی کے جانور خریدیں تاکہ شہر میں نظم و ضبط برقرار رکھا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس مانسہرہ کی جانب سے عیدالاضحیٰ کے موقع پر ایک جامع ٹریفک پلان مرتب کیا گیا ہے، جس پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :