اس سال حج میں ’خفیہ حاجی‘ کا حیرت انگیز کردار سامنے آگیا

یہ حاجی باقی عازمین کی طرح تمام مراحل سے گزرتا ہے، جن میں اجازت نامہ حاصل کرنے سے لے کر آمد و رفت، قیام و طعام، دیکھ بھال اور مناسک حج کی ادائیگی شامل ہے؛ رپورٹ

Sajid Ali ساجد علی بدھ 4 جون 2025 16:21

اس سال حج میں ’خفیہ حاجی‘ کا حیرت انگیز کردار سامنے آگیا
مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 جون 2025ء ) اس سال حج میں ’خفیہ حاجی‘ کا حیرت انگیز کردار سامنے آگیا۔ العربیہ نیوز کے مطابق سعودی عرب میں سرکاری اداروں کی کارکردگی کی جانچ کے لیے قائم کردہ نیشنل سنٹر "اداء" اس سال حج کے موقع پر ایک منفرد اور حقیقی تجربے پر عمل کر رہا ہے جسے ’الحاج الخفی‘ یعنی خفیہ حاجی کا نام دیا گیا ہے، اس تجربے کا مقصد حج سیزن کے دوران حکومتی اداروں کی کارکردگی کو عین موقع پر حاجی کی حیثیت سے خود ان کے تجربات کی روشنی میں جانچنا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ ’الحاج الخفی‘ طریقہ کار کے تحت ایک حاجی مکمل حج سفر میں شامل ہوتا ہے مگر اس کا اصل کردار یعنی کارکردگی کا جائزہ لینے والا شخص پوشیدہ رکھا جاتا ہے، یہ حاجی باقی زائرین کی طرح تمام مراحل سے گزرتا ہے، اجازت نامہ حاصل کرنے سے لے کر آمد و رفت، قیام و طعام، دیکھ بھال اور مناسک حج کی ادائیگی کے بعد واپسی تک اس کا کردار ادا کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ اس تجربے کا دائرہ صرف مشاہدے تک محدود نہیں بلکہ اس میں خدمات کے معیار، عملے کے رویے، ڈیجیٹل نظاموں کی کارکردگی اور مختلف اداروں کے درمیان باہمی رابطے جیسے تمام پہلوؤں کا منصفانہ جائزہ شامل ہوتا ہے، یہ تفصیلات نہایت احتیاط اور باریکی سے محفوظ کی جاتی ہیں تاکہ مستقبل میں خدمات کی بہتری اور کارکردگی میں اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔

بتایا جارہا ہے کہ یہ طریقہ کار مرکز کے اس جاری مشن کا تسلسل ہے جس کے تحت اللہ کے مہمانوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے جائزہ، بہتری اور مسلسل ترقی کے اصولوں پر کام کیا جاتا ہے، یہ سب کچھ سعودی قیادت کی ان ہدایات کی روشنی میں ہو رہا ہے جن کے مطابق حجاج کرام اور زائرین کی خدمت کو ریاست کی اولین ترجیح قرار دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :