Live Updates

مون سون بارشوں کے آٹھواں سپیل سے متعلق الرٹ جاری

22 اگست کی رات سے مغربی ہوائیں صوبے کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی

muhammad ali محمد علی جمعہ 22 اگست 2025 23:48

مون سون بارشوں کے آٹھواں سپیل سے متعلق الرٹ جاری
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اگست2025ء) محکمہ موسمیات نے 23 اگست سے مون سون بارشوں کے آٹھویں سپیل کا امکان ظاہر کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں خاص کر پنجاب میں رواں ماہ کے دوران مون سون کا ممکنہ آخری سلسلہ شروع ہونے والا ہے۔ ماہرین موسمیات کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ مون سون بارشوں کا یہ سلسلہ بھی انتہائی شدت والا ہو سکتا ہے۔

اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ مون سون بارشوں کا آٹھواں سپیل 23 اگست سے شروع ہوگا، 22 اگست کی رات سے مغربی ہوائیںپنجاب کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی۔ مون سون کے اس اسپیل میں راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیر آباد میں بارشوں کی پیشگوئی ہے۔

(جاری ہے)

23 سے 27 اگست تک دریاؤں کے بالائی حصوں میں شدید طوفانی بارشوں کے باعث پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب نے شدید بارشوں کے باعث دریاؤں میں پانی کے اضافے بارے الرٹ جاری کر دیا۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ تفصیلی الرٹ کے مطابق دریائے جہلم، چناب، راوی، ستلج اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔ پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبہ بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کرتے ہوئے دریائے ستلج کے پاٹ میں موجود شہریوں کو فوری محفوظ مقامات پر منتقل کرنے ہدایات جاری کی ہیں۔

مقامی حکومتوں، محکمہ زراعت، محکمہ آبپاشی، محکمہ صحت، محکمہ جنگلات، لائیو اسٹاک اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو بھی الرٹ جاری کیا گیا ہےکہ موسلادھار بارش کی صورت میں شہریوں کو پیشگی آگاہ کریں، مساجد میں اعلانات اور لوکل سطح پر شہریوں کو محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایات جاری کی جائیں۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ غیر معمولی موسمی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ حکام کی ہدایات پر عمل کریں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :