سلامتی کونسل اور غیرمنصفانہ عالمی مالیاتی نظام میں اصلاحات ضروری، گوتیرش

یو این ہفتہ 23 اگست 2025 07:45

سلامتی کونسل اور غیرمنصفانہ عالمی مالیاتی نظام میں اصلاحات ضروری، ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 23 اگست 2025ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے کہا ہے کہ بدلتی دنیا میں کثیرالفریقیت کو سنگین مسائل کا سامنا ہے اور اسے حقیقی طور پر فائدہ مند بنانے کے لیے سلامتی کونسل اور نامنصفانہ بین الاقوامی مالیاتی نظام میں اصلاحات لانا ہوں گی۔

ان کا کہنا ہے کہ انسانیت کی مضبوطی اتحاد میں ہے۔ اقوام متحدہ کے تحت دنیا بھر کے لوگوں کی زندگی میں روزانہ مثبت تبدیلی آتی ہے۔

ادارہ 150 ملین لوگوں کو خوراک مہیا کرتا ہے، دنیا بھر کے 45 فیصد بچوں کو ویکسین دی جاتی ہے اور 50 سے زیادہ ممالک اپنے ہاں انتخابات کے موقع پر اقوام متحدہ سے مدد لیتے ہیں۔

بارودی سرنگوں کے خاتمے سے لے کر حیاتیاتی تنوع کے تحفظ، خواتین کے حقوق سے پناہ گزینوں کی مدد اور آزادی صحافت سے لے کر صاف پانی کی فراہمی تک بہت سے معاملات میں اقوام متحدہ نے وسیع تر عالمگیر معاہدے کروا رکھے ہیں جبکہ اس کا چارٹر بین الاقوامی قانون کا ستون ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا کو مشکل حالات کا سامنا ہے لیکن یہ بہت سے مواقع اور ذمہ داریاں بھی لائے ہیں جن سے فائدہ اٹھانا ہو گا۔

UN Photo

جاپان کا قابل تقلید کردار

سیکرٹری جنرل نے یہ بات جاپان کے دورے پر اوساکا میں عالمی نمائش کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس نمائش میں 160 سے زیادہ ممالک اور ادارے شریک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسی نمائشوں کی اہمیت رسمی نہیں بلکہ یہ لوگوں کو اپنی داستانیں سنانے کا موقع دیتی ہیں۔ حالیہ نمائش عالمگیر مکالمے اور تعاون کے لیے جاپان کے پائیدار عزم کا ثبوت ہے۔

انتونیو گوتیرش نے دوسری عالمی جنگ کے بعد امن اور بین الاقوامی تعاون کا انتخاب کرنے پر جاپان کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نے دور حاضر میں بعض اہم ترین کثیرالفریقی کامیابیوں میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

جاپان جوہری اسلحے کے خاتمے اور انسانی سلامتی کا ثابت قدم حامی اور قیام امن کے لیے فیاضانہ کردار ادا کرنے ولا ملک ہے۔ 70 سال قبل اقوام متحدہ میں شمولیت کے بعد اس نے کثیرالفریقی نظام کے رکن کی حیثیت سے اپنا کردار بخوبی نبھایا ہے۔