Live Updates

مصطفٰی نواز کھوکھر نے علیمہ خان کے بیٹے کی گرفتاری قابل مذمت اور مضحکہ خیز قرار دے دی

پاکستانی عدلیہ ہمیشہ ظالم کے ہاتھ میں ایک ہتھیار کے طور پر استعمال ہوئی، جج صاحب نے 8دن کا ریمانڈ بھی دے ڈالا، پولیس نے 26 ماہ بعد کیا برآمد کرنا ہے؟ سابق سینیٹر کا سوال

muhammad ali محمد علی ہفتہ 23 اگست 2025 00:14

مصطفٰی نواز کھوکھر نے علیمہ خان کے بیٹے کی گرفتاری قابل مذمت اور مضحکہ ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 22 اگست 2025ء ) مصطفٰی نواز کھوکھر نے علیمہ خان کے بیٹے کی گرفتاری قابل مذمت اور مضحکہ خیز قرار دے دی۔ تفصیلات کے مطابق عمران خان کے بیٹے کی گرفتاری پر سابق سینیٹر مصطفٰی نوز کھوکھر نے کہا ہے کہ "26 ماہ بعد علیمہ خان کے بیٹے کی 9 مئی کے پرچے میں گرفتاری قابلِ مذمت تو ہے ہی، لیکن مضحکہ خیز بھی ہے۔ سونے پر سہاگہ، جج صاحب نے آٹھ دن کا ریمانڈ بھی دے ڈالا۔

اُن سے پولیس نے 26 ماہ بعد کیا برآمد کرنا ہے؟ پاکستانی عدلیہ ہمیشہ ظالم کے ہاتھ میں ایک ہتھیار کے طور پر استعمال ہوئی ہے۔" دوسری جانب مرکزی رہنماء پی ٹی آئی اسد قیصر نے کہا ہے کہ علیمہ خان کے دوسرے بیٹے کے اغوا سے پتا چلتا ہے کہ ریاست میں ظلم و جبر کا نظام ہے، پنجاب پولیس کو کچھ کر رہی ہے یہ مریم نواز کی ذمہ داری ہے، اتنا ظلم کریں جتنا کل کو برداشت کرسکیں، چیف جسٹس سے مطالبہ ہے کہ عدلیہ ہمیں میرٹ کے مطابق انصاف دے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ میں آج اس بات پر بہت افسوس کرتا ہوں کہ کل عمران خان کی بہن علیمہ خان کے گھر کی چادر و چار دیواری کے تقدس کی پامالی کی گئی۔ علیمہ خان کے بیٹے، جس کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، کو اغوا کیا گیا۔علیمہ خان کے بیٹے کی پی ٹی آئی کے کسی بھی ایونٹ میں کوئی تصویر تک نہیں ہے۔ جس طرح اسے اغوا کیا گیا، اس سے پتہ چلتا ہے کہ اس ملک میں ریاست ماں کے جیسی نہیں ہے ظلم و جبر کا نظام ہے، اس ملک میں قانون کا کوئی احترام نہیں ہے۔

عدالتوں میں وہ سکت نہیں رہی کہ شہریوں کو محفوظ رکھ سکیں۔ آج علیمہ خان کے دوسرے بیٹے شیرشاہ کو اغوا کیا گیا۔ میں مریم نواز سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ جس طرح پنجاب پولیس کر رہی ہے یہ آپ کی ذمہ داری ہے۔اتنا ظلم کریں، جتنا کل کو برداشت کر سکیں۔ ہم نے تو ہمیشہ اصول کی سیاست کی ہے، ہم ہمیشہ قانون کے احترام کی بات کرتے ہیں۔اب تمام راستے اور حدود کراس کر دی گئی ہیں۔

چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ عدلیہ ہمیں میرٹ کے مطابق انصاف دے۔جو 8 دنوں کا ریمانڈ دیا گیا ہے، کس بنیاد پر دیا گیا ہے۔ واضح ہو گیا ہے کہ یہ سب کچھ حکومت کی ایما پر ہو رہا ہے۔حکومت نے عدالت پر اثر انداز ہو کر سب کچھ کیا ہے۔پنجاب کی فاشسٹ حکومت کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے۔اسمبلی میں بھی آواز اٹھائیں گے، آپ کے حربوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔

ہم اپنی تحریک کو آگے بڑھائیں گے اور ظلم کی تاریک رات جلد ختم ہوگی۔ یاد رہے نیوز ایجنسی کے مطابق ترجمان پی ٹی آئی کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ علیمہ خان کے دوسرے شیر شاہ خان کو بھی دن دیہاڑے ریاستی جبر کے ذریعے اغوا کر لیا گیا ہے۔ گاڑی کو روک کر اس طرح اغوا کرنا اس ملک کے آئین، قانون اور انصاف کے جنازے کو ایک بار پھر سرِ عام نکالنے کے مترادف ہے۔ ترجمان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی پوچھتی ہے کہاں ہے آئین کہاں ہے قانون کہاں ہے انصاف یہ ظلم و بربریت اس بات کا کھلا ثبوت ہے کہ پاکستان میں جنگل کا قانون نافذ ہے، جہاں بنیادی انسانی حقوق، عدلیہ اور آئینی ضمانتیں سب ایک طاقتور مافیا کے پاؤں تلے کچلی جا رہی ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات