وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اجتماعی شادیوں کا ہدف 3000 سے بڑھا کر 5000 کر دیا

دھی رانی پروگرام کے تحت اجتماعی شادیوں کیلئے 2755 درخواستیں منظور، ہر جوڑے کو 2 لاکھ روپے مالیت کا سلامی کارڈ بطور تحفہ دیا جائے گا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 22 اگست 2025 20:46

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اجتماعی شادیوں کا ہدف 3000 سے بڑھا کر 5000 ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اگست 2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے اجتماعی شادیوں کا ہدف 3000 سے بڑھا کر 5000 کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں دھی رانی پروگرام 2025-26 کے تحت اجتماعی شادیوں کے لیے درخواستوں کی وصولی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ نے بتایا کہ اب تک اجتماعی شادیوں کے لیے 5546 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، جن میں سے 2755 درخواستوں کی تحصیل ویریفکیشن کمیٹیوں نے کامیابی سے تصدیق مکمل کر لی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے حکم پر رواں سال اجتماعی شادیوں کا ہدف 3000 سے بڑھا کر 5000 کر دیا گیا ہے۔ 
ستمبر سے پنجاب بھر میں پروقار اجتماعی شادیوں کی تقاریب کا آغاز کر دیا جائے گا جو جون 2026 تک انشاء اللہ مکمل کر لی جائیں گی۔

(جاری ہے)

سہیل شوکت بٹ نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت ہے کہ اجتماعی شادیوں میں شامل جوڑوں کی تعداد 5000 سے بھی زیادہ بڑھائی جائے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا عزم ہے کہ پنجاب کی کوئی بیٹی وسائل کی کمی کے باعث شادی جیسے مقدس فریضے سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ اجتماعی شادیوں کا تمام خرچ گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی مکمل طور پر حکومت پنجاب برداشت کرے گی۔ 
ہر جوڑے کو 2 لاکھ روپے مالیت کا سلامی کارڈ حکومت پنجاب کی طرف سے بطور تحفہ دیا جائے گا۔ سہیل شوکت بٹ نے اس بات پر زور دیا کہ درخواستوں کی ویریفکیشن میں مکمل شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے. جو والدین اپنی بیٹیوں کی شادی کے مقدس فریضے کی ادائیگی سے قاصر ہیں، وزیراعلیٰ مریم نواز کا دھی رانی پروگرام ان کی دھی رانیوں کے خوابوں کو حقیقت کا روپ دے گا۔