آج کا دن دنیا بھر میں جارحیت کا شکار معصوم بچوں سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر منایا جا رہا ہے،چیئرپرسن چائلڈ پرٹیکشن بیورو

بدھ 4 جون 2025 16:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2025ء) چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے کہا ہے کہ آج کا دن دنیا بھر میں جارحیت کا شکار معصوم بچوں سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر منایا جا رہا ہے۔اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے وژن کے تحت چائلڈ پروٹیکشن بیورو صوبہ بھر میں تشدد اور استحصال کا شکار بچوں کو مکمل تحفظ فراہم کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

سارہ احمد نے کہا کہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہمیں جسمانی اور ذہنی تشدد کا شکار بچوں کی حمایت اور مدد کرنی ہے،بچے ہمارا قیمتی سرمایہ اور روشن مستقبل کی ضمانت ہیں، ان کا تحفظ ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے، بچوں کو ہر قسم کی جسمانی و ذہنی جارحیت سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو ایسے تمام بچوں کی حفاظت، دیکھ بھال اور بحالی کے لیے سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اگر کسی بھی بچے کے ساتھ جسمانی یا ذہنی تشدد، استحصال یا جارحیت کا واقعہ ہو تو فوری طور پر چائلڈ ہیلپ لائن 1121پر اطلاع دیں۔