لاہورسمیت شمال مشرقی اور وسطی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے،محکمہ موسمیات

بدھ 4 جون 2025 17:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2025ء) محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت شمال مشرقی اور وسطی علاقوں میں بارش جبکہ صوبہ کے دیگر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور ،سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہائوالدین، شیخوپورہ، اوکاڑہ اور قصور میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری اور موسلا دھار بارش بھی ہو سکتی ہے اور ملتان، بہاولپور، بہاولنگر و گردو نواح میں آندھی،جھکڑ چلنے کا بھی امکان ہے ۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شمال مشرقی اور وسطی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی تاہم دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا۔ لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت24اور زیادہ سے زیادہ36سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب30فیصدرہا،لا ہور میں آلودگی کی مجموعی شرح 73فیصد رہی جبکہ شہر کے مختلف علاقوں لا ہور امر یکن سکول68،پولو گرانڈ 68،فیز ایٹ ڈی ایچ اے 66، جوہر ٹائون 62،یو ایم ٹی 68،جنریشن پاور لمیٹڈ 56اورعسکری ٹین میں 71ایئر کوالٹی انڈیکس ریکارڈ کیا گیا۔