ڈپٹی کمشنر مٹیاری کی زیر صدارت ضروری اشیاء کی قیمتوں کے تعین اور گرانفروشی کے خلاف اقدامات کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد

بدھ 4 جون 2025 18:11

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ کی زیر صدارت ضروری اشیاء کی قیمتوں کے تعین اور گرانفروشی کے خلاف اقدامات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مٹیاری-1 نور احمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر-2 اقراء جنت، اسسٹنٹ کمشنر مٹیاری عبد الستار شیخ، اسسٹنٹ کمشنر ہالا ڈاکٹر مظاہر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پرائس کنٹرول ایمان شاہ ، دیگر متعلقہ افسران اور تاجر برادری کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ ضلع بھر میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے، دکانداروں کو نرخنامے نمایاں طور پر آویزاں کرنے کا پابند بنایا جائے گا جبکہ ریونیو افسران اور پرائس کنٹرول کمیٹیاں باقاعدہ اور اچانک چھاپے مار کر قیمتوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر محمد یوسف شیخ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے اس دور میں عوام کی مشکلات کو کم کرنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے اور کسی کو بھی ناجائز منافع خوری کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی،خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے تاجر برادری سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ اور کاروباری حضرات باہمی تعاون سے عوام کو بہتر سہولیات فراہم کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :