Live Updates

عید الاضحی پر گوشت کے استعمال میں اعتدال برتا جائے، پروفیسر ڈاکٹر اکرم باجوہ

بدھ 4 جون 2025 21:20

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2025ء) سول ہسپتال حیدرآباد کے شعبہ گیسٹرو اینٹرولوجی کے سربراہ اور ماہر امراض جگر و معدہ پروفیسر ڈاکٹر اکرم باجوہ نے عید الاضحی کے موقع پر عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے مفید طبی مشورے دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عید قرباں کے موقع پر گوشت کی فراوانی کے باعث شہری بڑی مقدار میں گوشت کھاتے ہیں، جو گرمی کے موسم میں بدہضمی، گیسٹرو، ڈائریا، الٹیاں، کالرہ اور معدے کی دیگر بیماریوں کا سبب بن سکتا ہے۔

ڈاکٹر اکرم باجوہ نے مشورہ دیا کہ قربانی کا گوشت تین دن کے اندر استعمال کر لینا بہتر ہے، جبکہ کلیجی، لیور اور گردے 24 سے 48 گھنٹے کولڈ اسٹوریج میں محفوظ رکھے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ گوشت کو طویل عرصے تک فریج میں محفوظ رکھنے سے اس میں انفیکشن پیدا ہونے کا خدشہ ہوتا ہے، جو نہ صرف نظامِ ہاضمہ بلکہ بلڈ پریشر اور دل کی بیماریوں کا باعث بھی بن سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گوشت اگرچہ پروٹین، آئرن، زنک، وٹامن B12 اور B6 جیسے اہم غذائی اجزاء سے بھرپور ہوتا ہے، تاہم ایک نارمل انسان کے لیے یومیہ 60 سے 100 گرام گوشت کافی ہے، جس سے 143 کیلوریز حاصل ہوتی ہیں۔ گوشت کا استعمال ہفتے میں دو مرتبہ کرنا صحت کے لیے بہتر ہے۔ ماہر گیسٹرو نے کہا کہ گوشت کو زود ہضم بنانے کے لیے کم مصالحہ جات استعمال کیے جائیں اور کھانے کے ساتھ سلاد، سبزیاں اور پھلوں کا استعمال کیا جائے۔

انہوں نے خاص طور پر ان افراد کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا جو جگر میں چربی، بلند فشار خون یا کولیسٹرول کے مسائل میں مبتلا ہیں۔ ایسے افراد کلیجی، مغز، گردے، سری پائے اور چربی والا گوشت استعمال کرنے سے گریز کریں۔ ڈاکٹر اکرم باجوہ نے مزید کہا کہ کھانے کے فوری بعد لیٹنا یا سونا بھی پیٹ کی بیماریوں کو جنم دیتا ہے، اس لیے رات کا کھانا سونے سے دو سے تین گھنٹے قبل کھا لینا چاہیے تاکہ نظامِ ہاضمہ درست رہے اور دل کے دورے کا خطرہ کم ہو۔

انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ عید قرباں صرف خوشی کا تہوار ہی نہیں بلکہ ایثار، قربانی اور ہمدردی کا پیغام بھی ہے۔ ایسے افراد اور خاندانوں کا خصوصی خیال رکھنا چاہیے جو قربانی کی استطاعت نہیں رکھتے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کھانے پینے میں اعتدال برتیں، حفظانِ صحت کے اصولوں پر عمل کریں اور اپنی صحت کا خاص خیال رکھیں۔
Live عید الاضحیٰ سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :