وزیر اعلی پنجاب سمر گیمز ہاکی لیگ ، راولپنڈی ڈسٹرکٹ کی ٹیم نے کامیابی حاصل کر لی

بدھ 4 جون 2025 22:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2025ء) وزیر اعلی پنجاب سمر گیمز ہاکی لیگ میں راولپنڈی ڈسٹرکٹ کی ٹیم نے کامیابی حاصل کر لی اور لاہور میں ہونے والی پنجاب انٹر ڈویژن کے لئے کوالیفائی کرلیا۔مہمان خصوصی وزیر اعلی پنجاب معائنہ کمیٹی کے چیئرمین ایم پی اے راجہ حنیف نے کھلاڑیوں کو مبارکباد دی۔راولپنڈی میں جاری وزیر اعلی پنجاب سمر گیمز کے سلسلے میں شہناز شیخ اولمپئن ہاکی سٹیڈیم میں ہونے والے انٹر ڈسٹرکٹ ہاکی مقابلوں میں راولپنڈی ڈسٹرکٹ کی ٹیم نے پہلی پوزیشن حاصل کی اوروزیر اعلی پنجاب سمر گیمز انٹر ڈویژن ہاکی مقابلوں کے لئے کوالیفائی کر لیا۔

ہاکی لیگ مقابلوں میں ڈسٹرکٹ جہلم،ڈسٹرکٹ اٹک اور ڈسٹرکٹ چکوال کی ٹیموں نے بھی حصہ لیا۔شہناز شیخ اولمپئن ہاکی سٹیڈیم میں ہونے والے ہاکی مقابلوں کے مہمان خصوصی وزیر اعلی پنجاب معائنہ کمیٹی کے چیئرمین ایم پی اے راجہ حنیف تھے ،انہوں نے گرائونڈ میں موجود چاروں ڈسٹرکٹ کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے کھلاڑیوں کو کھیل کے دوران دی جانے والی سہولیات کے بارے میں آگاہی بھی حاصل کی۔

(جاری ہے)

مہمان خصوصی وزیر اعلی پنجاب معائنہ کمیٹی کے چئیرمین ایم پی اے راجہ حنیف نے کھلاڑیوں اور آفیشل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نوجوانوں کو زندگی کے ہر میدان میں ترقی کے عروج پر دیکھنا چاہتی ہیں، یہی وجہ ہے کہ تعلیم کا میدان ہو یا انفارمیشن ٹیکنالوجی کی بات ہو،وہ ہر شعبے کی وہ خود مانیٹرنگ کر رہی ہیں اور نوجوانوں کو آگے لانے میں ہر ممکن کوشش اور اقدام کر رہی ہیں۔

نوجوان لڑکیوں کی پنک گیمز اور کھیلتا پنجاب وزیر اعلی مریم نواز شریف کے وہ اقدام ہیں کہ آج ان کی بدولت پنجاب کا نوجوان کھیل کے میدان میں ایک تجربہ کار کھلاڑی کے طور پر کھڑا ہے اور اور کھیل میں بہت جاندار اور شاندار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ راولپنڈی ڈسٹرکٹ کے کھلاڑی لاہور جا کر بھی اپنی جیت کا لوہا منوائیں گے اور پورے پنجاب میں پہلی پوزیشن پر براجمان ہونگے۔ آخر میں وزیر اعلی پنجاب معائنہ کمیٹی کے چئیرمین ایم پی اے راجہ حنیف،ڈویژنل سپورٹس آفیسرچوہدری وحید احمد،ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر شمس توحید عباسی نے پہلے اور دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیموں میں ٹرافیاں تقسیم کیں۔