آئی پی ایل : آر سی بی کی جیت کا جشن، بنگلور میں بھگدڑ مچنے سے ہلاک افراد کی تعداد 11 ہوگئی

بنگلور میں فتح کا جشن منانے ہزاروں تعداد میں مداح اور شائقین سٹیڈیم پہنچ گئے تھے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 5 جون 2025 12:03

آئی پی ایل : آر سی بی کی جیت کا جشن، بنگلور میں بھگدڑ مچنے سے ہلاک افراد ..
نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 5 جون 2025ء ) انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کی پہلی بار فتح کا جشن منانے کے دوران ریاست کرناٹک کے شہر بنگلور میں 2 مختلف مقامات پر بھگدڑ مچنے سے کم از کم 11 افراد ہلاک، جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ 
بھارتی میڈیا کے مطابق ہجوم اس وقت بے قابو ہوا جب شائقین کی بڑی تعداد ایم چنا سوامی اسٹیڈیم کے باہر جمع ہوگئی جہاں کرناٹک اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے ٹیم کے اعزاز میں تقریب رکھی گئی تھی۔

 
بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ 2 اموات ودھانا سودھا کے احاطے میں ہوئیں جہاں آر سی بی ٹیم وزیراعلیٰ سدارامیا سے ملاقات کے لیے پہنچی تھی۔ 
ٹیم کے خیرمقدمی پروگرام کے موقع پر وہاں بھی بے قابو ہجوم کے باعث بدانتظامی دیکھنے میں آئی۔

(جاری ہے)

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ بھگدڑ کے باعث کئی افراد بے ہوش ہوگئے جبکہ موقع پر بنائی گئی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس زخمی اور بے ہوش افراد کو اسپتال منتقل کر رہی ہے۔

 
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس دوران اسٹیڈیم کے قریب کئی میٹرو اسٹیشنز پر بھی غیر معمولی ہجوم دیکھا گیا جبکہ باؤرنگ اسپتال میں مسلسل ایمبولینسز زخمیوں کو لاتی اور پھر واپس سٹیڈیم کی جانب روانہ ہوتی رہیں۔ 
پولیس کا کہنا ہے کہ جشن منانے والے ہجوم کو منگل کی رات سے ہی قابو میں رکھنے کی کوششیں جاری تھیں۔