سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی یوم عرفہ پر حجاج کرام کو مبارکباد

جمعرات 5 جون 2025 13:23

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق  کی  یوم عرفہ پر حجاج کرام کو مبارکباد
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2025ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے یوم عرفہ پر حجاج کرام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ فریضہ حج اللہ تعالیٰ کا خاص انعام ہے جو پوری دنیا کےمسلمانوں کو ایک جگہ جمع ہونے کا موقع فراہم کرتا ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ فریضہ حج یکجہتی اور اتحاد کی عظیم مثال ہے،حج کا موقع ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد اور یکجہتی پیدا کرنے کا پیغام دیتا ہے،حج اسلام کے پانچ بنیادی ارکان میں سے ایک ہے۔

مناسکِ حج، قربانی، صبر اور اطاعتِ الٰہی کی یاد دلاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حج روحانی سفر ہے جو بندے کو اللہ کے قریب کرتا ہے،حج اتحاد، مساوات، صبر اور ایثار کا درس دیتا ہے،حجاج اپنی خواہشات کو اللہ کی رضا کے لیے قربان کرتے ہیں،حضرت ابراہیمؑ علیہ سلام کی قربانی کی سنت امت مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ ہے،سنت ابراہیمی ہمیں اپنا سب کچھ اللہ تعالیٰ کی راہ میں قربان کرنے کا درس دیتی ہے۔

(جاری ہے)

سپیکر قومی اسمبلی نےحج 2025 کے شاندار انتظامات پر سعودی حکومت کو مبارکباد دی اور کہا کہ لاکھوں حجاج کے لیے سہولیات فراہم کرنا قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام حجاج کی عبادات اور قربانیوں کو قبول فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ حج کے عظیم موقع پر مسلم امہ کو فلسطین اور کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی حالت زار کو نہیں بھولنا چاہیے،مسلم امہ سے کشمیر اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی آزادی کیلئے دعا کی اپیل کرتا ہوں اوحج کے موقع پر امت مسلمہ کی یکجہتی کے لیے دعا گو ہوں۔