Live Updates

ٹک ٹاکر ثناء یوسف قتل کیس میں مقتولہ کے والد نے نئے انکشاف کردیئے

میری بہن نے اس لڑکے کو ثناء کے کمرے سے نکلتے دیکھا اس نے اسے روکنے کی کوشش کی تو لڑکے نے میری بہن پر بھی پستول تان لی لیکن پستول چلی نہیں اور ملزم وہاں سے بھاگ گیا؛ سید یوسف حسن کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 5 جون 2025 13:29

ٹک ٹاکر ثناء یوسف قتل کیس میں مقتولہ کے والد نے نئے انکشاف کردیئے
چترال ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 جون 2025ء ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں معروف ٹک ٹاکر ثناء یوسف قتل کیس میں مقتولہ کے والد کی جانب سے نئے انکشاف سامنے آگئے۔ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے سید یوسف حسن نے بتایا کہ قتل سے کچھ دیر پہلے ثناء نے والدہ کو یہ کہہ کر مارکیٹ بھیجا تھا کہ عید آ رہی ہے کپڑے دھونے ہیں، آپ مارکیٹ سے سرف لادیں جس کے بعد قاتل نے اسی موقع سے فائدہ اٹھایا اور گھر کے اندر گھس کر ثناء کو گولیاں ماردیں، تاہم قاتل گھر میں کیسے داخل ہوگیا اس حوالے سے کچھ معلوم نہیں لیکن اس وقت گھر میں کوئی مرد موجود نہیں تھا۔

ثناء یوسف کے والد نے بتایا کہ ملزم گھر میں گھستے ہی ثناء کے کمرے میں داخل ہوا، قتل کے وقت میری چھوٹی بہن بھی گھر پر موجود تھیں، فائرنگ کی آواز سے اسے محسوس ہوا جیسے کوئی غبارہ پھٹا ہو، اس آواز کو سنتے ہی وہ ثناء کے کمرے کی طرف بھاگی تو اس لڑکے کو ثناء کے کمرے سے نکلتے دیکھا جب میری بہن نے اسے روکنے کی کوشش کی تو لڑکے نے میری بہن پر بھی پستول تان لی لیکن پستول چلی نہیں اور ملزم وہاں سے بھاگ گیا۔

(جاری ہے)

سید یوسف حسن کا کہنا ہے کہ میری بہن بھی اس لڑکے کو ڈاکو سمجھ کر اس کے پیچھے بھاگی اور اس وقت تک وہ یہ نہیں جانتی تھی کہ ثناء کو گولیاں لگ چکی ہیں، اس لڑکے کے بھاگنے کے بعد میری بہن کو گھر جاکر پتا چلاکہ ثنا کو گولیاں لگی ہوئی ہیں جس کے بعد اسے ہسپتال پہنچایا گیا، میں اس وقت گھر کے نزدیک ایک دوست کے پاس بیٹھا تھا کہ دوست کو کال آئی اور اس نے مجھے بتایا ایمرجنسی ہوگئی ہے اسی دوران میری اہلیہ نے بھی مجھے کال کرکے ساری صورتحال بتائی جس پر میں فوری ہسپتال پہنچا تو پتا چلا ثناء انتقال کرچکی ہے۔
Live عید الاضحیٰ سے متعلق تازہ ترین معلومات