ساہیوال ،عیدالاضحیٰ پر امن و امان کے لیے سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات اولین ترجیح ہے، ڈی پی او

جمعرات 5 جون 2025 15:03

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2025ء) عیدالاضحیٰ پر امن و امان کے لیے سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات شہریوں کے جان و مال اور مذہبی آزادی کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ ڈی پی او ساہیوال نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر ساہیوال پولیس نے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی ہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساہیوال رانا طاہر رحمٰن خان کی ہدایت پر نمازِ عید کے اجتماعات، قربانی کے مراکز، بازاروں اور دیگر عوامی مقامات پر فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔سکیورٹی پلان کے مطابق سکیورٹی ڈیوٹی کے لیے 950 سے زائد افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جن میں 6 گزٹڈ آفیسرز، 20 سے زائد ایس ایچ اوز و انسپکٹرز، 90 سے زائد اپر سب آرڈینیٹ افسران شامل ہیں، جبکہ 650 سے زائد لوئر سب آرڈینیٹ اور لیڈی پولیس اہلکار سکیورٹی فرائض سر انجام دیں گے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ 150 سے زائد ٹریفک اہلکار عید کے دوران ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے تعینات کیے گئے ہیں۔ ایلیٹ فورس کی 8 ٹیمیں اور محافظ اسکواڈز بھی اہم مقامات پر موجود ہوں گے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔ڈی پی او ساہیوال رانا طاہر رحمٰن خان نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال اور مذہبی آزادی کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

تمام افسران و اہلکاروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنی ڈیوٹی کے دوران مکمل الرٹ رہیں اور دیانتداری سے اپنے فرائض سرانجام دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ قربانی کی کھالیں زبردستی لینے، فرقہ وارانہ اشتعال انگیزی یا کسی بھی قسم کی شرپسندی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔عوام الناس سے اپیل ہے کہ وہ مشکوک افراد یا لاوارث اشیاء کی فوری اطلاع قریبی پولیس اسٹیشن یا پولیس ہیلپ لائن 15پر دیں تاکہ بروقت اور مؤثر کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔\378