جغرافیائی کوٹہ سے متعلق شقوں سے استثنیٰ دیتے ہوئے معاہدوں کی اجازت دے دی

جمعرات 5 جون 2025 19:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جون2025ء)کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان نے فارماسیوٹیکل شعبے میں جدت کے فروغ اور صارفین کی فلاح کے پیش نظر شعبے میں چھ فارماسیوٹیکل کمپنیوں کو کمپٹیشن ایکٹ کی مارکیٹ مارکیٹ میں جغرافیائی کوٹہ سے متعلق شقوں سے استثنیٰ دیتے ہوئے معاہدوں کی اجازت دے دی ہے۔ کمپٹیشن ایکٹ کے سکشن 5 کے تحت دیئے گئے استثنیٰ (ایگزیمپشن) کمپنیوں کے کمرشل معاہدوں میں پائی جانے والی ایسی شقوں سے متعلق ہیں جو کہ کمپٹیشن ایکٹ کے سیکشن 4 کے تحت عموماً غیرمسابقتی تصور کی جاسکتی ہیں۔

تاہم، کمپٹیشن کمیشن نے مارکیٹ انفراسٹرکچر، قواعد و ضوابط اور معاہدوں میں درج تجارتی شرائط کے تفصیلی جائزہ کے بعد قرار دیا ہے کہ ان معاہدوں سے کمپنیوں کی پیداواری و تکنیکی کارکردگی بہتر اور صارفین کی فارماسیوٹیکل مصنوعات تک رسائی میں اضافہ متوقع ہے۔

(جاری ہے)

کمیشن نے کہا ہے کہ تجارتی معاہدوں کو استثنیٰ ملنے سے خدمات کی فراہمی بہترہوگی، غیر محفوظ علاقوں میں ادویات کی دستیابی میں اضافہ ہوگا اور یہ معاہدے صحت عامہ کے لیے مفید ثابت ہوں گے۔

مزید برآں، صارفین کو جدید فارماسیوٹیکل ٹیکنالوجی تک رسائی، قابل اعتماد مصنوعات کی معلومات اور سروس کے اعلیٰ معیارات حاصل ہوں گے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ کمپٹیشن کمیشن کی جانب سے ہر معاہدے کو ایک مخصوص مدت تک کے لیے اس شرط پر چھوٹ دی گئی ہے کہ ان سے حاصل ہونے والے فوائد مسابقت پر اثرانداز نہیں ہوں گے۔ جبکہ کمپنیوں کو واضح کیا گیا ہے کہ وہ اس استثنیٰ کو بنیاد بنا کر کسی بھی قسم کے گٹھ جوڑ اور قیمتوں کا تعین کرنے یا دیگر غیر مسابقتی سرگرمیوں میں ملوث ہونے سے باز رہیں۔ واضح رہے کہ کمپٹیشن کمیشن فارماسیوٹیکل شعبہ کو ایگزیمشنز کے لیے ایک ترجیحی سیکٹر تصور کرتا ہے اور وسیع تر عوامی مفاد کے لیے متعلقہ ریگولیٹرز کے ساتھ مشاورت کے ساتھ میرٹ پر فیصلہ کرتا ہے۔