کراچی ،پولو گرائونڈ میں نماز عیدالاضحی صبح آٹھ بجے ادا کی جائے گی

جمعرات 5 جون 2025 22:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2025ء) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیراہتمام نماز عیدالاضحی کا سب سے بڑا اجتماع گلشن جناح (پولو گراؤنڈ) میں منعقد ہوگا، اس سلسلے میں تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں تاکہ شہریوں کو ہرممکن سہولیات فراہم کی جاسکیں، نماز عید صبح 8 بجے ادا کی جائے گی،یہ اجتماع 1958ء سے ہر سال تسلسل کے ساتھ اسی مقام پر منعقد ہو رہا ہے اور اسے شہر کا سب سے بڑا عید اجتماع تصور کیا جاتا ہے، اس روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اس سال بھی خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ نمازی سکون اور روحانی اطمینان کے ساتھ اپنی عبادات ادا کرسکیں، میئر کراچی بیرسٹرمرتضیٰ وہاب اور ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد اس عظیم الشان اجتماع میں شرکت کریں گے جبکہ اسلامی ممالک کے سفارتکار، وفاقی و صوبائی وزراء، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، منتخب بلدیاتی نمائندے، اعلیٰ سرکاری افسران اور معززین شہر کی بڑی تعداد بھی یہاں نماز عید ادا کرے گی، انتظامیہ کی جانب سے نماز عید کے موقع پر سیکورٹی انتظامات کے لیے داخلی اور خارجی راستوں پر ا سکینرز نصب کئے گئے ہیں،گلشن جناح گراؤنڈ میں وضو کے لیے پانی کا انتظام، صفائی ستھرائی، جراثیم کش ادویات اور خوشبو کے اسپرے سمیت دیگر سہولیات کا خصوصی خیال رکھا جارہا ہے جبکہ مختلف داخلی راستوں کو خوبصورتی سے سجایا جا رہا ہے، نماز عید کی امامت کے فرائض جامع مسجد کے ایم سی کے خطیب مولانا محمد احمد سلیمی ادا کریں گے، اس موقع پر ٹریفک پولیس کی جانب سے خصوصی پلان ترتیب دیا گیا ہے تاکہ نمازیوں کو آمد و رفت میں دشواری نہ ہو، مخصوص مقامات پر پارکنگ کا بندوبست بھی کیا گیا ہے، میئر کراچی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ نمازعیدالاضحی کے لیے وقت سے پہلے پہنچیں اور سیکورٹی کے عملے سے تعاون کریں تاکہ اجتماعی عبادت کے اس روحانی ماحول کو پرامن اور خوشگوار بنایا جا سکے۔