Live Updates

پنڈیگھیب بار کو 25 لاکھ روپے کی خطیر رقم فراہم، دیگر مسائل بھی ترجیح بنیادوں پر حل کیے جائیں گے ، نوابزادہ چوہدری شیر علی خان

جمعرات 5 جون 2025 22:48

حسن ابدال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2025ء) ممبران پندیگھیب بار، صدر مدثر احمد، جنرل سیکرٹری سید کامران شاہ اور سید مدثر نقوی کی طرف سے پنڈیگھیب بار میں پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ایم پی اے نوابزادہ چوہدری شیر علی خان تھے انکے ہمراہ اے سی پنڈیگھیب حافظ محمد زنیر، آفتاب احمد حیدری، ملک مشتاق اعوان،میرنوید ، ملک نزاکت، ملک اصغر حسین، نمبردار لیاقت، محمد ریاض دایا اور دیگر احباب تھے۔

اس موقع پر صدر پنڈیگھیب بار مدثر احمد اور جنرل سیکرٹری سید کامران شاہ نے چوہدری شیر علی خان کو خوش آمدید کہا اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، صوبائی وزیرِ قانون ملک صہیب احمد اور خصوصی طور پر نوابزادہ چوہدری شیر علی خان کا شکریہ ادا کیا کہ جن کی کاوش اور توجہ سے پنڈیگھیب بار کو 25 لاکھ روپے کی خطیر رقم فراہم کی گئی، انشاءاللہ ہمیں پوری اُمید ہے کہ پنڈیگھیب بار کے دیگر مسائل بھی ترجیح بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایم پی اے نوابزادہ چوہدری شیر علی خان نے کہا کہ اللّٰہ پاک کے فضل و کرم سے میری ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ حلقہ کے مسائل کو حل کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کروں اور جب خلوصِ نیت سے کوشش کی جائے تو منزل آسان ہو جاتی ہے سید مدثر نقوی ایڈووکیٹ، قاضی افضال حسین ایڈووکیٹ، سردار عابد ایڈووکیٹ، محمد بلال ایڈووکیٹ اور دیگر احباب اکثر اوقات پنڈیگھیب بار کے مسائل مجھ تک پہنچاتے رہتے ہیں۔

اس سلسلہ میں میں نے صوبائی وزیرِ قانون ملک صہیب سے گزارش کی کہ پنڈیگھیب ایک قدیم تحصیل ہے وکلاء کو بہت سے مسائل کا سامنا ہے جس پر وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور صوبائی وزیرِ قانون ملک صہیب نے کمال شفقت کا مظاہر کیا اور فنڈز فراہمی کو یقینی بنایا ۔انھوں نے کہا کہ میں انشاءاللہ جلد صوبائی وزیرِ قانون ملک صہیب احمد کو پنڈیگھیب اور فتح جنگ بار میں آنے کی دعوت دونگا اور انکے سامنے وکلاء کے مسائل رکھیں گے اور پوری کوشش ہوگی کہ جس طرح دیگر شعبوں میں کام جاری ہیں اسی طرح پنڈیگھیب اور فتح جنگ کی بار کے مسائل بھی حل کیے جائیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات