وزیراعظم شہباز شریف کا ضلع دیامر میں پولیو کیس کا سخت نوٹس، معمول کی امیونائزیشن کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت

جمعرات 5 جون 2025 20:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2025ء)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع دیامر میں پولیو کیس کا سخت نوٹس لیتے ہوئے معمول کی امیونائزیشن کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے یہ ہدایت وفاقی وزیر قومی صحت سید مصطفی کمال اور وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے پولیو عائشہ رضا فاروق سے ملاقات کے دوران دی۔

وزیراعظم نے دیامر میں رپورٹ ہونے والے حالیہ پولیو کیس پر گہری تشویش کا اظہار کیا اورہدایت کی کہ معمول کی امیونائزیشن کو مزید بہتر بنایا جائے۔وزیراعظم نے کہا کہ ایسی یونین کونسلیں جہاں پولیو کے زیادہ کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں اور امیونائزیشن بہتر نہیں ہے،ان کی کڑی نگرانی کی جائے۔