جی ایچ کیو حملہ کیس، ایس ایس پی انویسٹی گیشنز کے پیش نہ ہونے پر شوکاز نوٹس جاری

جمعرات 5 جون 2025 20:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2025ء)جی ایچ کیو حملہ کیس میں عدالت نے ایس ایس پی انویسٹی گیشنز کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایس ایس پی کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔اڈیالہ جیل میں 9 مئی سے متعلق جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس کی سماعت ہوئی۔دوران سماعت طلبی کے باوجود ایس ایس پی انویسٹی گیشنز پیش نہ ہوئے جس پر عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے برہمی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

عدالت کی جانب سے جاری کیے گئے شوکاز نوٹس میں کہا گیا کہ طلبی کے باوجود پیش نہ ہونا واضح طور پر عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہے جبکہ عدالتی حکم کے باوجود آپ نے 2 یو ایس بیز پیش نہیں کیں۔نوٹس میں کہا گیا کہ یہ طرز عمل عدالتی کارروائی میں رکاوٹ ڈال کر فیصلہ میں تاخیر کرنے کے مترادف اور سپریم کورٹ کے احکامات کی بھی خلاف ورزی ہے۔عدالت نے قرار دیا کہ کیوں نہ آپ کے خلاف اے ٹی اے کی دفاعی 37کے تحت کارروائی کی جائے۔عدالت کی جانب سے ایس ایس پی انویسٹی گیشن کو 11جون کو عدالت پیش ہو کر عدم حاضری کی وضاحت کرنے کے احکامات جاری کردیے گئے۔