Live Updates

خدمت و دیانت الخدمت کا شعار ہے ، کراچی میں 24لاکھ ملک بھر میں 2کروڑ افراد نے استفادہ کیا ، منعم ظفر خان

بنو قابل کے تحت 48ہزار نوجوانوں کو مفت آئی ٹی کورسز کروائے ، تعلیم ، صحت سمیت بنیادی سہولیات دینا حکومت کی ذمہ داری ہے الخدمت ہر سال اپنی خدمات کے حسابات کا آڈٹ کرواتی ہے ،عوام قربانی کی کھالیں الخدمت کو دیں ، ادارہ نور حق میں پریس بریفنگ الخدمت کے کراچی میں 5ہسپتال،10میڈیکل سینٹرز،18لیبارٹریز اورکلیکشن پوائنٹس،14فارمیسیز،قائم ہیں،نوید علی بیگ

جمعرات 5 جون 2025 22:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2025ء) امیر جماعت اسلامی کراچی و صدر الخدمت کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ خدمت اور دیانت الخدمت کا شعار ہے ، الخدمت صحت ، تعلیم ، آرفن کیئر ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ ، کمیونٹی سروسز، اسلامک مائیکرو فنانس ، صاف پانی کی فراہمی کے شعبوں میں کام کر رہی ہے ، الخدمت طبی و فلاحی خدمات سے گزشتہ سال صرف کراچی میں 23لاکھ افراد مستفید ہوئے جبکہ ملک بھر میں 2کروڑ افراد نے الخدمت کی خدمات سے استفادہ کیا ، بنو قابل پروجیکٹ کے تحت 48ہزار نوجوانوں کو مفت آئی ٹی کورسز کروائے گئے ، تعلیم ، صحت سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت و ریاست کی ذمہ داری ہے جو کام حکومت کو کرنا تھا وہ این جی اوز کر ر ہی ہیں ، جو کام الخدمت کر رہی ہے اگر اس کا عشر عشیر بھی حکومت کرے تو عوام کی حالت بدل سکتی ہے ، الخدمت کو اعزاز حاصل ہے کہ وہ ہر سال اپنی خدمات و سرگرمیوں کے حسابات کا آڈٹ کرواتی ہے اور عوام کے سامنے پیش کرتی ہے ، عوام سے اپیل ہے کہ وہ چرم ِ قربانی الخدمت کو دیں ، قربانی کی دی گئی کھال کسی غریب یا نادارکے لیے سہارا بن سکتی ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ادارہ نور حق میں الخدمت کراچی کی سرگرمیوں و خدمات کی سالانہ رپورٹ کے حوالے سے پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

چیف ایگزیکٹو الخدمت نوید علی بیگ نے بھی الخدمت کی سرگرمیوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا ، اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی ، ڈائریکٹر سلمان شیخ اور سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری بھی موجود تھے ۔ منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ حج امتِ مسلمہ کے اتحاد و یکجہتی اور طاقت کا بھر پور اظہار ہے ، حج کی سعادت حاصل کرنے والے تمام پاکستانیوں سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو ہم مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہر مشکل گھڑی میں الخدمت کے ہزاروں رضاکاروں نے ہمیشہ اپنا کردار اداکیا ہے ، 2005میں آنے والا زلزلہ ہو یا2010اور2022میں آنے والا سیلاب اور کرونا جیسی وباء میں الخدمت کے رضاکار متاثرین کی مدد کے لیے ہرجگہ موجود تھے ، پچھلے دوتین سال میں پہلے مرحلے میں کراچی بعدازاں پورے پاکستان میں بنوقابل فری آئی ٹی پروگرام شروع کیا اور تین بیجز سے پاس آئوٹ ہونے والے اپنے گھروالوں کاسہارا بن چکے ہیں ، آج پاکستان کے مختلف شہروں میں بنو قابل کے ٹیسٹ بھی جاری ہیں اور کلاسز کا آغاز بھی ہورہا ہے،ناظم آباد میں الخدمت کا تعمیر کردہ ڈائیگنوسٹک سینٹرپورے پاکستان میں ایک مثالی میڈیکل سینٹر ہے ، جہاںجدید ترین ایم آر آئی ،سٹی سکین ، الٹراسائونڈ ،میمو گرافی جیسی سہولیات سے غریب افراد رعایتی نرخوںپرمستفید ہورہے ہیں ، الخدمت غزہ میں اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کے لیے امدادی سامان پہنچانے میں کامیاب ہوئی ہے ،اب تک 25امدادی کھیپوں میں تقریباً4ہزار ٹن سے زائد اربوں روپے کا امدادی سامان روانہ کیا جاچکا ہے ، عید الاضحی میں فلسطینی بھائیوں کے لیے قربانی کا گوشت بھی روانہ کیاجائے گا۔

نوید علی بیگ نے کہا کہ الخدمت صحت کے شعبے میں ملک بھرمیں 56ہسپتال کام کررہے ہیںجبکہ کراچی میں 5ہسپتال،10میڈیکل سینٹرز،18لیبارٹریز اورکلیکشن پوائنٹس،14فارمیسیز،قائم ہیں۔آرفن کیئر پروگرام کے تحت ملک بھر 29,926بچوں جبکہ کراچی میں 2,400بچوں کی ان کے گھروں پر کفالت کی جارہی ہے۔ملک بھرمیں 18آغوش ہومزہیں، کراچی کے گلشن معمار میں قائم الخدمت آغوش ہوم میں 107بچوں کی تعلیم و تربیت اور پرورش کی جا رہی ہے۔

الخدمت کے تحت ملک بھر میں 277 واٹر فلٹریشن پلانٹس ہیں،کراچی میں 69پلانٹس شہریوں کو پینے کا صاف معیاری پانی ارزاں نرخوں پر فراہم کر رہے ہیں۔الخدمت کی جانب سے ہزاروں کمیونٹی ہینڈ پمس جبکہ 3ہزار سے زائد کنویں کھودے گئے۔موبائل واٹر وینز بھی شہریوں کو مفت پانی پلانے میں مصروف رہیں،واٹر چلرز،ہینڈ پمپس،سبمر سیبل پمپس،سولر سبمر سیبل واٹر پمپس بھی نصب کیے گئے۔

الخدمت کے شعبہ تعلیم کے تحت ملک بھر میں 64اسکول اور 99اسکل ڈیولپمنٹ سینٹرز قائم ہیں،کراچی میں 4اسکولز،76مدارس،2اسکل ڈیولپمنٹ سینٹرزقائم ہیں جبکہ اسکالر شپ پروگرام کے تحت 1300سے زائد ذہین و مستحق طلبہ وطالبات کو اسکالر شپ دی جا رہی ہے۔الخدمت کا مواخا ت پروگرام بے روزگاروں کو بلاسود قرضے فراہم کرتا ہے۔ 30ہزار سے ایک لاکھ روپے تک کے بلاسود قرضے دیئے جاتے ہیں اس پروگرام سے ملک بھر میں 17,424 بے روزگار استفادہ کر چکے ہیں جبکہ کراچی میں 2012سے 2024تک 704ملین روپے کے قرضے دیے گئے اور ریکوری ریٹ 86 فیصدرہا ہے۔

الخدمت والنٹیر پروگرام کے تحت کالجز و یونیورسٹیز کے سیکڑوں طلبہ بطور رضاکار الخدمت سے وابستہ ہیں۔ ہمارے پاس 12,000سے زائد رضاکار ہیں ، وقتاً فوقتاً ان کی ٹریننگ کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے۔انہوںنے مزید کہا کہ الخدمت نے اپنے قربانی پراجیکٹ کے تحت ہرسال کی طرح اس سال بھی لاکھوں مستحق خاندانوں اور ضرورت مندوں تک قربانی کا گوشت پہنچانے کیلئے فی سبیل اللہ (وقف) قربانی کا اہتما کیا ہے جس کیلئے تمام اضلاع میں قربانی مراکز قائم کردئیے گئے ہیں۔

الخدمت ہر سال لاکھوں مستحقین تک قربانی کا گوشت پہنچاتی ہے۔ 2024 میں الخدمت فاؤنڈیشن نے فلسطین کے لیے 1806 گائے اور 1160 بکرے قربان کیے تھے، مجموعی طور پر گزشتہ سال الخدمت فاؤنڈیشن نے 5808 بڑے اور 2835 چھوٹے جانور قربان کیے۔ رواں سال 6000 بڑے اور 4000 چھوٹے جانوروں کی قربانی کا ہدف ہے۔ قربانی کا عمل مکمل شرعی، شفاف اور حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق انجام دیا جاتا ہے۔

الخدمت نے اس سال بھی فلسطینی مہاجرین کے لیے قربانی کا خصوصی اہتمام کیا ہے۔ غزہ، مصر، اردن، لبنان جیسے ممالک میں پارٹنر اداروں کے ذریعے قربانی کی جاتی ہے۔الخدمت ملک بھر میں فلاحی کام کررہی ہے اور اس کیلئے اہل خیر اور صاحب ثروت افرادالخدمت سے تعاون کرتے ہیں۔الخدمت اپنے تمام منصوبوں پر ایک ایک پیسہ دیانت داری کے ساتھ امانت سمجھ کرخرچ کر تی ہے اور اس کی شفافیت کی وجہ سے دنیا بھر میں لوگ الخدمت پر اعتماد کرتے ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات